ارنا کے مطابق صدرڈاکٹر مسعود پزشکیان نے پیر کی شام جنوبی افریقا کے خارجہ روابط اور بین الاقوامی تعاون کے وزیررونالڈ ازی لاملا سے ملاقات میں ایران اور جنوبی افریقا کے روابط کی تقویت کی اہمیت پر زور دیا۔
اس رپورٹ کے مطابق انھوں نے ایران کے لئے جنوبی افریقا کے دوستانہ موقف اور برکس میں رکنیت کے حوالے سے اس کے تعاون کا شکریہ ادا کیا۔
جنوبی افریقا کے خارجہ روابط اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر ایک وفد لے کر، صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لئے تہران آئے ہیں۔ انھوں نے پیر کی شام صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی۔
ڈاکٹر مسعود پزشکیان نےاس ملاقات میں مظلوم فلسطینی عوام کے دفاع میں جنوبی افریقا کے تعمیری موقف کی بھی قدردانی کی اور کہا کہ اپار تھائیڈ صیہونی حکوت نے غزہ میں مظلوم فلسطینی عوام کے خلاف ہر قسم کے انسانیت سوز جرائم کا ارتکاب کیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی اور انسانیت کے خلاف جرائم پر انسانی حقوق کے دفاع کے دعویداروں نے نہ صرف یہ کہ خاموشی اختیار کی بلکہ اس کے جرائم کی توجیہ بھی کی اور اس کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھا ۔
اس ملاقات میں جنوبی افریقا کے خارجہ روابط اور بین الاقوامی تعاون کے وزیر نے صدر پزشکیان کو اپنے ملک کے صدر کا سلام اور مبارکباد کا پیغام پہنچایا اوراسی کے ساتھ ڈاکٹر رئیسی کی شہادت پر تعزیت پیش کی۔
انھوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ ہر شعبے میں روابط بڑھانے میں اپنے ملک کی دلچسپی کا اظہار کیا۔
انھوں نے فلسطین کی حمایت میں موقف اختیار کرنے اور عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی حکومت کے خلاف مقدمہ دائر کرنے پر اپنی حکومت پر انواع و اقسام کے دباؤ ڈالے جانے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اس حوالے سے دھمکیاں بھی دی گئيں ۔
انھوں نے کہا کہ ہم نے ان تمام دھمکیوں اور دباؤ کے باوجود فلسطین کے حوالے سے اپنا اصولی موقف جاری رکھا ہے غزہ میں پائیدار جنگ بندی نیز مظلوم فلسطینی عوام تک امداد رسانی کے لئے کوششیں جاری رکھیں گے۔
آپ کا تبصرہ