قزاقستان کے صدر نے ایران کے نو منتخب صدر کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں باہمی روابط اور تعاون میں توسیع پر تبادلہ خیال کیا۔
ارنا کے مطابق قزاقستان کے صدر قاسم ژومارت توکایف نے پیر کو ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کے ساتھ ٹیلیفونی گفتگو میں ایک بار پھر ان کی خدمت میں مبارکباد پیش کی اور ان کی کامیابی کی آروز کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ ایران کے شہید صدر آیت اللہ رئیسی کی حکومت میں باہمی اعتماد کی بنیاد پر دونوں ملکوں کے روابط فروغ پذیر تھے اور امید ہے کہ آپ کی حکومت میں بھی یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
قزاقستان کے صدر نے ٹرانزٹ، توانائی، تکنیکی اور انجینیرنگ سروسز، مالیاتی معاملات، اقتصادی اور تجارتی روابط میں فروغ بالخصوص شنگھائی تعاون کی تنظیم اور یوریشیا اقتصادی یونین کے پلیٹ فارم سے ایران کے ساتھ علاقائی تعاون بڑھانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ۔
اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے بھی قزاقستان کے صدر کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں پڑوسیوں کے ساتھ روابط کے فروغ کو اسلامی جمہوریہ ایران کی خارجہ پالیسی کی ترجیحات میں شمار کیا اور کہا کہ ایران اور قزاقستان میں سبھی شعبوں بالخصوص ٹرانزٹ، توانائی اور تکنیکی نیز انجینیرنگ سروسز میں تعاون میں فروغ کی کافی گنجائش ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایران قزاقستان اور وسطی ایشیا کے دیگر ملکوں کو بین الاقوامی سمندراورعالمی منڈی سے متصل کرنے کا قابل اطمینان ٹرانزٹ کا راستہ ہے۔
انھوں نے قزاقستان کے صدر کے ساتھ اس ٹیلیفونی گفتگو میں فلسطین بالخصوص غزہ کی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے غزہ کی جںگ رکوانے کے لئے بھرپور کوشش اور اپنی پوری توانائی بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ