ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ نے ایک بیان جاری کرکے بتایا ہے کہ صیہونی فوج کی برانیت چھاؤنی کے قریب غاصب صیہونی فوجیوں کے جمع ہونے کے ایک مرکزکو میزائل سے نشانہ بنایا گیا۔
حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس حملے میں صیہونی فوجی مرکز کا رڈار سینٹر تباہ ہوگیا۔
حزب اللہ لبنان نے اسی طرح غاصب صیہونی حکومت کے الراہب نامی فوجی مرکز کو بھی گائیڈیڈ میزائل سے نشانہ بنایا ہے۔
حزب اللہ نے بتایا ہے کہ ان حملوں میں مطلوبہ اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور غاصب صیہونی فوج کو بھاری نقصان پنہچایا گیا۔
یاد رہے کہ سات اکتوبر 2023 کے آپریشن طوفان الاقصی میں اپنی ناقابل تلافی شکست کا بدلہ فلسطینی عوام سے لینے کے لئے غاصب صیہونی حکومت نے جب غزہ پر وحشیانہ حملے شروع کئے تو حزب اللہ نے شمالی مقبوضہ فلسطین میں صیہونی حکومت کے اہم فوجی اہداف پر میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ شروع کردیا۔
اب تک حزب اللہ لبنان کے مجاہدین کے میزائل اور ڈرون حملوں میں صیہونی فوج کو سنگین جانی اور مالی نقصانات پہنچ چکے ہیں۔
حزب اللہ لبنان کے ان حملوں کے نتیجے میں شمالی مقبوضہ فلسطین میں درجنوں غیر قانونی صیہونی کالونیاں خالی ہوچکی ہیں اور صیہونی حکومت کے متعدد سینیئر فوجی کمانڈر شمالی محاذ پر حزب اللہ کی برتری کا بارہا اعتراف کرچکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ