نخالہ: شہید رئیسی اور شہید امیر عبداللّہیان نے مختلف ملکوں کا موقف فلسطین سے نزدیک تر کیا ہے

 تہران – ارنا – جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے کہا ہے کہ شہید رئیسی اور شہید امیر عبداللّہیان نے استقامتی محاذ اور اس خطے کو بڑی کامیابیوں سے ہمکنار کیا اور بہت سے ملکوں کا موقف فلسطین سے نزدیک تر کیا۔

ارنا کے مطابق جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل زیاد النخالہ نے جمعرات کو تہران کی امام خمینی عیدگاہ میں شہدائے خدمت کے چالیسویں کے اجتماع سے خطاب میں کہا کہ وہ شہید آیت اللہ رئیسی اور شہید امیرعبداللّہیان کے راستے پر گامز‍ن رہنے کا عہد کرتے ہیں۔

 انھو نے کہا کہ  وہ استقامتی فلسطینی محاذ کے رہنماؤں کا ایک وفد لے کر، شہید صدر آیت اللہ ر‏‏ئیسی اور ان کے ساتھی شہدا کے چالیسیوں میں شرکت لئے تہران آئے ہیں اور اس غم میں آپ کے ساتھ برابر کے شریک ہیں اور شہیدوں کا راستہ جاری رکھنے کے عزم کا اعلان کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے شہید صدر نے علاقے میں بے نظیر کردار ادا کیا اور عظیم کارنامے انجام دیئے۔  

جہاد اسلامی فلسطین کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ شہید رئیسی اور شہید امیر عبداللّہیان نے خطے اور استقامتی محاذ کے لئے بڑی کامیابیاں رقم کیں اور بہت سے ملکوں کا موقف فلسطین سے نزدیک تر کیا جو فلسطین اور خطے کی بہت بڑی کامیابی ہے۔

 زیاد النخالہ نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ کے صدر کی حیثیت سے شہید رئیسی نے سبھی بین الاقوامی حلقوں میں فلسطین کا دفاع کیا اور ہم فلسطین کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹھوس موقف، اورشہید صدر آیت اللہ رئیسی اور شہید وزیر خارجہ امیر عبداللّہیان کی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔

انھوں نے آخر میں فلسطینی عوام اور استقامتی فلسطینی محاذ کی بھر پور حمایت جاری رکھنے  پر ایران کے عوام، رہبر انقلاب اسلامی اور ایران کی حکومت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم فلسطین اور قدس شریف کی آزادی میں مکمل کامیابی تک اپنی مجاہدت جاری رکھیں گے۔  

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .