حزب اللہ کا حیفا کے حساس علاقوں کی ڈرون سے فلمبرداری کے بعد مغربی الجلیل میں واقع صہیونی توپ خانے کے ہیڈ کوارٹر پر ڈرون حملہ

تہران (ارنا) لبنان کی حزب اللہ نے آج بروز منگل، ایک ڈرون سے حیفا کی بندرگاہ میں حساس مقامات کی کامیاب فلم بندی کرنے کے بعد مغربی الجلیل میں واقع صیہونی توپ خانے کے ہیڈ کوارٹر پر کامیاب ڈرون حملہ کیا ہے۔

حزب اللہ کے بیان کے مطابق خودکش ڈرون کا یہ کامیاب حملہ مغربی الجلیل کے علاقے نافہ زیف میں صیہونی فوج کی 411 ویں آرٹلری بٹالین کے ہیڈ کوارٹر پر کیا گیا۔

حملے سے مذکورہ یونٹ آگ کی لپیٹ میں آگیا اور متعدد صیہونی فوجی بھی اسکا نشانہ بنے۔

یہ حملہ شمالی مقبوضہ فلسطین میں حزب اللہ کے ڈرون اٹیک اور حیفا کی بندرگاہ میں حساس مقامات کی کامیاب فلم بندی کے اعلان کے چند گھنٹے بعد ہوا ہے۔

حزب اللہ کی طرف سے شائع کردہ ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ اس کا ایک ڈرون مقبوضہ فلسطین کے شمالی علاقوں میں داخل ہوا ہے اور حساس مقامات کی فلم بندی کی۔

یہ ڈرون کامیابی سے اہم تصاویر ریکارڈ کرنے کے بعد لبنان واپس آیا اور مزاحمتی گروہ کو یہ تصاویر فراہم کیں۔

ڈرون کے ذریعے ویڈیو بنانے پر صہیونی میڈیا میں کھلبلی مچ گئی اور اس کو ایک انتہائی خطرناک واقعہ قرار دیا جا رہا ہے جس سے صیہونیوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

صہیونی میڈیا نے بھی اعتراف کیا کہ حزب اللہ کے ڈرون نے حیفا میں اقتصادی اور فوجی علاقوں کی اہم تصاویر ریکارڈ کر لی ہیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .