ایرانی شہری حمید نوری سوئیڈن کی جیل سے رہا / حیمد نوری کی رہائی ایران کی طاقتور سفارت کاری کا ایک اور نمونہ ہے، کنعانی

تہران (ارنا) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سوئیڈن کی جیل سے ایرانی شہری کی رہائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی شہری حمید نوری کی رہائی (جسے صیہونی حکومت اور منافق دہشت گرد گروہ کی سازش اور منصوبہ بندی سے پکڑا گیا تھا) ایران کی اپنے قومی مفادات اور ایرانیوں کے حقوق کی حمایت کے حوالے سے طاقتور سفارتکاری کا ایک اور نمونہ ہے۔

ناصر کنعانی نے اس ایرانی شہری کی رہائی کے حوالے سے شہید صدر ایران سید ابراہیم رئیسی اور شہید وزیر خارجہ امیر عبداللہیان کی مسلسل اور انتھک کوششوں کو سراہا اور اس معاملے میں بھرپور تعاون کرنے پر سلطنت عمان کا بھی شکریہ ادا کیا۔

ارنا کے مطابق، کاظم غریب آبادی نے آن لائن پیغام میں، سوئیڈن میں غیر قانونی طور پر حراست میں لیے گئے ایرانی شہری حمید نوری کی رہائی کا اعلان کیا۔

انہوں نے اس پیغام میں لکھا کہ مجھے ایرانی عوام کو یہ بتاتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ حمید نوری، جو 2019 سے سوئیڈن میں غیر قانونی حراست میں تھے، آزاد کردیے گئے ہیں اور چند گھنٹوں میں وطن واپس آجائیں گے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ کامیابی  ایرانی عدلیہ، وزارت اطلاعات، وزارت خارجہ بالخصوص میرے بھائی شہید امیر عبداللہیان کی کوششوں سے ملی ہے۔

ایرانی شہری حمید نوری کو سوئیڈش پولیس نے 9 نومبر 2019  میں سوئیڈن ایئرپورٹ سے گرفتار کیا تھا اور سوئیڈن کی عدالت نے عمر قید کی سزا سنائی تھی۔

 حمید نوری کا اپنے اہل خانہ سے رابطہ ان کی گرفتاری کے لمحے سے لے کر 27 مئی 2020 تک منقطع رہا۔

حمید نوری کی اپیل کا عمل 11 جنوری 2023 کو شروع ہوا اور کئی مراحل کے بعد بالآخر یہ سلسلہ 8 نومبر 2023 کو ختم ہوا جبکہ مقدمے کا حتمی فیصلہ 19 دسمبر 2023 کو جاری کیا گیا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .