صیہونی حکومت کے خلاف یمن اور عراقی اسلامی مزاحمت کا کامیاب مشترکہ آپریشن

تہران (ارنا) یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے حیفا کی بندرگاہ پر عراقی اسلامی مزاحمت کے ساتھ صیہونی حکومت کے خلاف 2 مشترکہ آپریشنز کی خبر دی ہے۔

یمن کی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل یحیی سریع نے کہا ہے کہ یمن کی مسلح افواج نے اسلامی مزاحمت عراق کے ساتھ صیہونی حکومت کے خلاف 2 مشترکہ فوجی آپریشن کیے ہیں۔

بریگیڈیئر جنرل سریع نے بتایا کہ پہلے آپریشن میں حیفا کی بندرگاہ پر فوجی سازوسامان سے لدے 2 جہازوں کو نشانہ بنایا گیا اور دوسری کارروائی میں حیفا کی بندرگاہ میں داخلے پر پابندی کی خلاف ورزی کرنے والے جہاز کو نشانہ بنایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ آپریشنز ڈرونز کے ذریعے کیے گئے اور اللہ تعالیٰ کی مدد سے حملے کامیاب رہے اور ہدف پر لگے۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے یہ بھی کہا کہ حیفا کی بندرگاہ کا مشترکہ آپریشن رفح کے علاقے میں صہیونی جرائم  کے جواب میں کیا گیا اور دشمن کو اسوقت تک ایسی  بے مثال مشترکہ کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا جب تک وہ غزہ کی پٹی کے خلاف مجرمانہ اور گھناؤنی جارحیت سے باز نہیں آتے اور غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم نہیں کرتے۔

یمنی مسلح افواج کے ترجمان نے تمام عرب فوجوں سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی قوم کے تئیں اپنا مذہبی اور انسانی فریضہ ادا کرنے کے لیے فلسطینی مزاحمت کی حمایت کے لیے آپریشن میں حصہ لیں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .