عالمی برادری یمن کی حمایت میں اپنی ذمہ داریاں پوری کرے، یمن پر امریکی اور برطانوی حملوں پر کنعانی کا ردعمل

تہران (ارنا) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری، بین القوامی اداروں اور اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ یمن کے مظلوم عوام کی حمایت اور امریکہ و برطانیہ کے اشتعال انگیز اقدامات کی مخالفت میں اپنے قانونی اور انسانی فرائض کو پورا کریں۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے یمن کے شہر صنعاء اور الحدیدہ کے علاقوں پر گذشتہ رات امریکہ اور برطانیہ کے حملوں کی شدید مذمت کی جس کے نتیجے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔

کنعانی نے کہا کہ یمن پر امریکہ اور برطانیہ کے جارحانہ حملے اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا، صیہونی حکومت کے جنگی جرائم اور نسل کشی کو جاری رکھنے،  غزہ کی پٹی اور رفح کے علاقے میں عدم تحفظ کو پھیلانے اور  یمن کی جانب سے مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کو روکنے کا حصہ ہے ۔

انہوں نے یمن کی خودمختاری اور ارضی سالمیت کی مسلسل خلاف ورزی اور اس ملک کے شہریوں پر حملے کو بین الاقوامی قوانین و ضوابط کی خلاف ورزی نیز انسانی حقوق کی خلاف ورزی کی واضح مثال قرار دیا اور کہا کہ یمنی عوام کے خلاف ان جرائم کے نتائج کی ذمہ دار امریکہ اور برطانیہ کی جارح حکومتیں ہيں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے عالمی برادری اور عالمی اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ اسلامی ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ یمن کے مظلوم عوام کی حمایت اور یمن میں امریکہ اور برطانیہ کے اشتعال انگیز اور مہم جویانہ  اقدامات کی مخالفت کرنے کے لیے اپنے قانونی اور انسانی فرائض کو پورا کریں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .