ارنا نے اتوار کو پاکستانی فوج کے شعبہ رابطہ عامہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ آج جنرل سید عاصم منیر نے اسلامی جمہوریہ ایران کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل محمد باقری کو فون پر ہیلی کاپٹرحادثے میں صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی، وزیرخارجہ حسین امیر عبداللّہیان اور دیگر ممتاز شخصیات کی شہادت پر ایران کے عوام اور حکومت کو تعزیت پیش کی۔
اس رپورٹ کے مطابق جنرل عام منیر نے کہا کہ صدر شہید آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور وزیر خارجہ شہید حسین امیر عبداللّہیان، دونوں ہی ممتاز اور پاکستان کے حقیقی دوست تھے۔
انھوں نے کہا کہ ان دونوں ہستیوں اور ان کے ساتھیوں کی شہادت واقعی المناک اور ناقابل تلافی ہے اور ہم سبھی پاکستانی فوجیوں کی جانب سے شہدا کے لئے بلندی درجات اور ان کے لواحقین کے لئے صحت و سلامتی کی آرزو کرتے ہیں۔
پاکستان کے آرمی چیف نے مزید کہا کہ ایران کے ساتھ پاکستان کے تاریخی، ثقافتی اور برادرانہ تعلقات ہیں اور پاکستان و ایران کی مسلح افواج ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ رہی ہیں۔
اس ٹیلیفونی گفتگو کے بعد پاکستانی فوج کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق جنرل محمد باقری نے غم کے اس موقع پر پاکستانی فوج کی جانب سے ہمدری اور یک جہتی کے اظہار کا شکریہ ادا کیا اور ایران و پاکستان کے درمیان فوجی تعاون میں توسیع پر زور دیا۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم میاں شہباز شریف شہید صدر آیت اللہ سید ابراہیم رئیسی اور شہید وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان کو خراج عقیدت پیش کرنے اور ان کی آخری رسومات میں شرکت کے لئے ایک اعلی سطحی وفد کے ہمراہ بدھ کو تہران آئے تھے۔
انھوں نے اس سفر میں رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای سے بھی ملاقات کی تھی۔
صدر ایران اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر پاکستان میں منگل 21 مئی کو عام سوگ منایا گیا اور اسلام آباد نیز چاروں صوبوں میں قومی پرچم جھکا دیا گیا تھا۔
آپ کا تبصرہ