ہم ایرانی قوم کے ساتھ سوگوار ہیں، بشاراسد / شہید رئیسی ایک نمایاں اور مقبول شخصیت تھے، محمد مخبر

تہران (ارنا) شام کے صدر نے ایران کے عبوری صدر محمد مخبر کے ساتھ فون پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ ہیلی کاپٹر کے حادثے پر تعزیت کا اظہار کیا جس کی وجہ سے ایرانی صدر اور ان کے ساتھیوں کی شہادت ہوئی۔

ارنا کے مطابق، شام کے صدر سے ٹیلیفونک گفتگو میں، عبوری صدر محمد مخبر نے شام میں عوامی سوگ کے اعلان اور شام کے وزیر اعظم اور اعلی وفد کی شہید رئیسی کی الوداعی تقریب میں شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ شام ایران کا اسٹریٹجک پارٹنر اور مستقل دوست ہے اور آپ کا تعزیتی پیغام اور ایران میں شامی وفد کی موجودگی ہماری تسلی کا باعث ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہید صدر عوام میں مقبول، ہمدرد، انتھک محنت کرنے والے مہربان شخص تھے۔ ہم نے دو بااثر شخصیات شہید رئیسی اور امیر عبداللہیان کو کھو دیا جو ہمارے لیے بہت بڑا نقصان ہے اور دنیا اس احساس اور تعلق کو شہید رئیسی اور ان کے ساتھیوں کے جنازے کے شاندار استقبال سے دیکھ رہی ہے۔

انہوں نے تاکید کی کہ ہم مزاحمتی محور بالخصوص شام کی حمایت کے لیے پرعزم ہیں اور تہران میں آپ کے دورے کے منتظر ہیں۔

شام کے صدر بشار اسد کہا شیہد رئیسی علاقائی اور بین الاقوامی میدان میں ایک اہم اور نمایاں شخصیت تھے۔

بشار اسد نے ایران کی حکومت اور قوم  سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید رئیسی ہمارے لیے شہید سلیمانی کی طرح ایک بااثر شخصیت ہیں اور ان کا نام اور یاد شامی قوم اور حکومت کے ذہنوں میں ہمیشہ رہے گی اور مزاحمت کا محور ان کی مسلسل حمایت کو فراموش نہیں کرے گا۔

شام کے صدر نے تاکید کی کہ شیہد رئیسی ہمیشہ ظلم کے خلاف کھڑے رہے اور فلسطینی قوم نے حالیہ دنوں میں اس مسئلے کو قریب سے محسوس کیا ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مزاحمت کے محور اور فلسطین کے نصب العین کا قول و فعل میں ساتھ دیا اور دنیا ان کو یاد رکھے گی۔

بشار اسد نے کہا کہ میں ایرانی عوام اور رہبر انقلاب اسلامی سے ملاقات اور ذاتی طور پر اپنی تعزیت کا اظہار کرنے کے لیے بہت جلد ایران کا سفر کروں گا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .