ارنا کے نامہ نگارکی رپورٹ کے مطابق، آج اسلام آباد کی انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی میں طلباء تنظیموں کے عہدیداروں اور سیاسی کارکنوں کی ایک پریس کانفرنس منعقد ہوئی جسمیں مقررین نے صیہونی جرائم کی مذمت کرنے والوں پر امریکی پولیس فورسز کی طرف سے تشدد کی مذمت کی۔
مقررین نے غزہ کی حمایت میں امریکہ کی مختلف ریاستوں میں علمی برادری اور طلباء کے مظاہروں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی رائے عامہ نے قاتل اسرائیل اور اس کے حامیوں کی آنکھوں سے نیندیں چرا لی ہیں اور بیداری کا آغاز ہوگیا ہے، طلباء کے مظاہرے مغربی حکمرانوں کے لیے ایک بڑا چیلنج اور غزہ کے دفاعی محاذ کے لیے ایک اہم موڑ ہے۔
طلبہ تنظیم آئی ایس او کے سربراہ نے کہا کہ ہم تمام پاکستانی طلبہ تنظیموں کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ کسی بھی سیاسی یا سماجی نقطہ نظر سے قطع نظر "جسٹس فار غزہ" مہم میں شامل ہوں اور امریکہ میں غزہ کے حامی طلبہ کی حمایت میں متحد ہوجائیں۔
سید تسکین کاظمی نے بتایا کہ اگلے جمعہ (10 مئی) کو اسلام آباد میں غزہ کی حمایت میں ایک بڑا مظاہرہ کیا جائے گا جس میں معاشرے کے تمام طبقات بالخصوص طلباء کی بڑی تعداد شریک ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ کل بروز جمعہ اسلام آباد میں پاکستانی سیاسی و مذہبی شخصیات کی موجودگی میں "فلسطینی نوجوانوں" کے نام ایک کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جسمیں مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستانی عوام کی یکجہتی اور حمایت کا پیغام اور امریکی طلباء کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
انکا کہنا تھا کہ پاکستان کی مختلف یونیورسٹیاں بھی غزہ کی حمایت کی مہم میں شامل ہو گئی ہیں اور طلباء کے خلاف امریکی پولیس کے جابرانہ اقدامات کے خلاف طلباء تنظیموں کی جانب سے احتجاجی کیمپ لگائے جائیں گے۔
آپ کا تبصرہ