ارنا کے مطابق یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سینیئر رکن محمد علی الحوثی نے اپنے سماجی رابطے کے ایکس پیج پر جارحین کو سخت خبردار کیا ہے۔
انھوں نے لکھا ہے کہ " آگ سے نہ کھیلو! ہمارے پاس تمھارے تصور سے کہیں زیادہ اسٹریٹیجک اسلحے موجود ہیں؛ ہمارے انسدادی اسٹریٹیجک اسلحے، کیفیت، تنوع اور تعداد ہر لحاظ سے تمھاری سوچ سے زیادہ ہیں۔
یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے جارحین کو یہ انتباہ اسرائیلی جہاز سائیکلادیس پر یمن کے ڈرون حملے کے بعد دیا ہے۔
ارنا کے مطابق یہ جہاز مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہ کی طرف جارہا تھا کہ منگل کو بحیرہ احمر میں یمن کے ڈرون حملے کا نشانہ بنا ہے۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان یحیی سریع نے اس ڈرون آپریشن کو کامیاب قرار دیتے ہوئے بتایاہے کہ بحیرہ احمر میں سائیکلادیس نامی جہاز پر حملے کا آپریشن ہماری بحریہ، اور فضائیہ نیز میزائل یونٹ نے مشترکہ طور پر انجام دیا ہے جو بہت کامیاب رہا ہے۔
یحیی سریع نے کہا کہ ہم نے اسی طرح بحر ہند میں اسرائیلی بحری جہاز ایم ایس سی اوریون پربھی ڈرون حملہ کیا ہے۔
یحیی سریع نے بتایا کہ یمنی افواج نے بحیرہ احمر میں دو امریکی جنگی جہازوں سمیت دشمن کے متعدد جنگی جہازوں پر ڈرون طیاروں سے حملے کئے ہیں۔
یمن کی مسلح افواج کے ترجمان نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ہماری کارروائیاں اسی وقت رکیں گی جب غزہ کا محاصرہ ختم ہوجائے اور مظلوم فلسطینی عوام پر حملے بند کردیئے جائيں۔
ارنا کے مطابق غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے حملے شروع ہونے کے بعد ہی یمن کی مسلح افواج نے بحیرہ احمر اور باب المندب میں غاصب صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں کے بحری جہازوں پر حملے شروع کردیئے تھے۔
یمن کی مسلح افواج نے اعلان کررکھا ہے کہ جب تک غزہ کا محاصرہ ختم نہیں ہوتا اور مظلوم فلسطینی عوام پر حملوں کا سلسلہ بند نہیں کیا جاتا، مقبوضہ فلسطین کی بندرگاہوں کی طرف جانے والے بحری جہازوں پر اس کے حملوں کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
آپ کا تبصرہ