ارنا نے لبنانی میڈیا ذرائع کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ حزب اللہ کے جوانوں نے مقبوضہ شبعا فارمز میں صیہونی حکومت کے " الرادار" فوجی اڈے پر راکٹوں سے براہ راست حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان نے اسی طرح کفرشوبا کی مقبوضہ پہاڑیوں پر صیہونی حکومت کے رویسات العلم نامی فوجی مرکز پر بھی حملہ کیا ہے۔
حزب اللہ لبنان کے مجاہدین نے اسی کے ساتھ صیہونی حکومت کے رامیم اور الکرنتینا نامی فوجی اڈوں پر توپخانے سے گولہ باری کی ہے۔
دوسری جانب المیادین نے رپورٹ دی ہے کہ صیہونی حکومت کا حدب یارون نامی فوجی مرکز بھی حزب اللہ کے حملوں کا نشان بناہے۔
اس سے قبل ارنا نے المیادین کے حوالے سے رپورٹ دی تھی کہ لبنان کے اندر سے مقبوضہ شمالی فلسطین کے علاقے الجلیل کے اطراف کی غیر قانونی صیہونی بستیوں کی طرف ڈرون طیاروں کا ایک اسکواڈرن بھیجا گیا جس کے بعد صیہونی حکومت کا ایئر ڈیفنس سسٹم فعال ہوگیا۔
اس رپورٹ میں حزب اللہ لبنان کے ایک بیان کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ عدلون قصبے پر اسرائيلی جارحیت اور ایک مجاہد کی شہادت کے جواب میں مقبوضہ شہر عکا کی فوجی چھاؤنی میں گولانی بریگیڈ کے ہیڈکوارٹر پر ڈرون طیاروں سے حملہ کیا گیا۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ ڈرون طیاروں نے اپنے ہدف کو بہت صحیح نشانہ بنایا ہے۔
بعض ذرائع نے شمالی مقبوضہ فلسطین کے ایک علاقے پر میزائل بھی لگنے کی خبر دی ہے۔
میڈیا ذرائع نے ساحلی شہر حیفا میں سائرن بجنےکی رپورٹ دی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ پر غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملے شروع ہونے کے بعد سے ہی شمالی مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر حزب اللہ لبنان کے میزائل اور ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔
آپ کا تبصرہ