پاکستان کے ساتھ تجارتی ہدف 10 بلین ڈالر ہے / پاکستان کی سلامتی کو اپنی سلامتی سمجھتے ہیں، صدر ایران

تہران (ارنا) صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے کہا ہے کہ پاکستان ایشیا کا اہم ملک ہے، اور اس مسلم برادر ملک کے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں۔

سید ابراہیم رئیسی ایران جو صدر پاکستان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں، نے  پاکستان روانگی سے قبل کہا کہ ایران اور پاکستان انسانی حقوق، فلسطین کے مظلوم عوام کے دفاع، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں یکساں خیالات رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ اچھے سیاسی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات ہیں اور ہمسائیگی کی پالیسی کے مطابق، دوست اور برادر ملک پاکستان کے ساتھ تعاون کو مزید بہتر کرنا چاہیے۔

اپنے دورہ پاکستان سے متعلق صدر ایران نے بتایا کہ اس دورے میں سیکورٹی مسائل، سرحدی تجارت بالخصوص توانائی، تیل، گیس اور پیٹرو کیمیکل کے شعبے میں بات چیت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس دورے میں 10 بلین ڈالر کے تجارتی ہدف کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔

صدر ایران نے پاکستان کے لوگوں کی ایران، امام خمینی (رح) اور رہبر انقلاب اسلامی سے محبت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایران اور پاکستان کی عوام محبت کے دیرینہ بندھن میں بندھے ہوئے ہیں۔  

انہوں نے پاکستان کی سلامتی کو ایران کی سلامتی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران پاکستان سرحد کی حفاظت یقینی طور پر دونوں ممالک کے مفاد میں ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .