جہاد اسلامی فلسطین: ایران کا آپریشن قابل تعریف ہے بعض حلقے حقائق میں تحریف کررہے ہیں

تہران – ارنا – جہاد اسلامی فلسطین نے آج اتوار کو ایک بیان جاری کرکے غاصب صیہونی حکومت کے خلاف ایران کے جوابی ڈرون اور میزائل آپریشن کو قابل تعریف بتایا ہے۔

 ارنا نے القدس چینل کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ  اسلامی مزاحمتی تنظیم جہاد اسلامی فسطین نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر ایران کے جوابی حملے کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔

 جہاد اسلامی فلسطین نے کہا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جرائم، اور دہشت گردی کے جواب ميں اسلامی جمہوریہ ایران کا یہ حملہ ضروری تھا کیونکہ اس حکومت نے تمام قانونی اصول و ضوابط اور انسانی اقدار  کی کھلی خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

جہاد اسلامی فلسطین کے بیان میں کہا گیا ہے کہ  ہم، بعض حلقوں کی جانب سے غاصب صیہونی حکومت کے دفاع  اور اسلامی جمہوریہ ایران کے جوابی حملے کے خلاف اپنائے جانے والے موقف کی مذمت کرتے ہیں۔

 جہاد اسلامی فلسطین نے کہا کہ غاصب صیہونی حکومت کا دفاع کرنے والے ملکوں نے خود کو اس غاصب حکومت کو بچانے کی دیوار ميں تبدیل کردیا ہے اور یہ ظاہر کرنے کی کوشش کرتے ہیں کہ اس کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس طرح وہ حقائق میں تحریف کررہے ہیں۔

 جہاد اسلامی فلسطین نے یہ بیان ایسی حالت ميں جاری کیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے گزشتہ رات مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی اور اسٹریٹیجک مراکز پر وسیع ڈرون اور میزائل حملے کئے ہیں۔

سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا ہے کہ یہ حملے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کی  کونسلیٹ پر صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ فضائی جارحیت کے جواب میں کئے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ غاصب صیہونی حکومت کے جنگی طیاروں نے یکم اپریل کو دمشق میں ایرانی کونسلیٹ پر میزائل گرائے تھے جس کے نتیجے میں کونسل کی عمارت منہدم اور اسلامی جمہوریہ ایران کے سات  سینیئر فوجی مشیر شہید ہوگئے تھے ۔

 مقبوضہ فلسطین میں غاصب صیہونی حکومت کے فوجی مراکز پر گزشتہ رات کے وسیع ڈرون اور میزائل حملوں کے بعد اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے نمائندہ دفتر نے ایک بیان جاری کرکے اعلان کیا  کہ یہ حملہ  اپنے سفارتی مرکز پر صیہونی حکومت کے جارحیت کے جواب میں ، اقوام متحدہ کے منشور کے دفعہ 51 کے تحت کیا گیا ہے اور اگر اسرائيلی حکومت نے دوباہ کوئی احمقانہ جارحیت کی تو اسلامی جمہوریہ ایران کا جوابی حملہ اس سے شدید تر ہوگا۔   

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .