ارنا کے مطابق شام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے بتایا ہے کہ دمشق میں ایران کی کونسلر سروسز کا شعبہ نئی عمارت میں منتقل کیا جارہا ہے جس کا افتتاح وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّہیان کریں گے۔
ایران کے وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان پیر 8 اپریل کو عمان کا دورہ مکمل کرکے شام کے سرکاری دورے پردمشق پہنچے ہیں۔
انھوں نے اپنے اس دورے میں اپنے شامی ہم منصب اور اس ملک کے صدر سے ملاقات اور علاقے کے حالات پر تبادلہ خیال کیاہے۔
یہ دمشق میں ایرانی کونسلیٹ پر غاصب صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ فضائی حملے کے بعد وزیر خارجہ حسین امیر عبداللّیہان کا پہلا دورہ دمشق ہے۔
یاد رہے کہ یکم اپریل کو غاصب صیہونی حکومت کی دہشت گردانہ فضائی جارحیت میں دمشق میں ایرانی کونسلیٹ کی عمارت پوری طرح منہدم ہوگئی تھی ۔ اس وحشیانہ حملے میں شام میں ایران کے سینیئر فوجی مشیر جنرل محمد رضا زاہدی اور جنرل محمد ہادی حاج رحیمی اپنے پانچ دیگر رفقائے مجاہدت کے ہمراہ شہید ہوگئے ۔
پوری دنیا نے غاصب صیہونی حکومت کے اس دہشت گردانہ فضائی حملے کو بین الاقوامی قوانین اور سفارت کاروں نیز سفارتی مراکز سے متعلق بین الاقوامی کوینشنوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے اسرائیلی حکومت کے اس دہشت گردانہ فضائی حملے کا مماثل مقابلہ کرنے اور اس حکومت سے پشیمان کردینے والا انتقام لینے کا اعلان کیا ہے۔
آپ کا تبصرہ