ہر سال کی طرح اس سال بھی جمعہ الوداع کے موقع پر پورے ایران میں یوم القدس کے جلوس نکالے جا رہے ہيں اور ایرانی قوم نے ایک بار پھر صیہونی حکومت اور اس کے جرائم کے خلاف اپنے غم و غصے کا اظہار کیا۔
" یوم القدس، طوفان الاقصی سے طوفان الاحرار تک " اس سال کے جلوسوں کا نعرہ ہے اور چونکہ فلسطین کے عوام مہینوں سے غاصب صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کا نشانہ بن رہے ہيں ، اس سال ایرانی عوام اعلان شدہ وقت سے پہلے ہی سڑکوں پر اتر آئے تاکہ اس بار مختلف انداز میں یوم القدس منائيں۔
در ایں اثنا دمشق میں صیہونی حکومت کے دہشت گردانہ حملے کے شہداء کا جلوس جنازہ آج جمعہ کو عالمی یوم قدس کے موقع پر تہران میں عوام کی شرکت کے ساتھ شروع ہوا۔
عالمی یوم قدس کے انعقاد کے ساتھ ہی تہران کے فردوسی اسکوائر سے دمشق کے شہداء کا جلوس جنازہ شروع ہوا جو تہران کی نماز جمعہ کے مقام تک جاری رہے گا۔
عوام نے شہداء کے جلوس جنازہ میں " امریکہ مردہ باد" اور " اسرائيل مردہ باد" کے نعرے لگائے۔
جلوس جنازہ کے بعد شہداء کی لاشیں تہران یونیوسٹی سے ، تدفین کے لئے ان کے آبائی وطن بھیج دی جائيں گی ۔
شام میں ایرانی قونصل خانہ پر دہشت گردانہ حملے کے شہداء کے جلوس جنازہ کی وجہ سے اس سال عالمی یوم قدس کے تہران کے پروگرام میں تقریر ، پاسداران انقلاب اسلامی کے کمانڈر جنرل حسین سلامی کريں گے۔
رہبر انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای نے جمعرات کی رات بیت المقدس کی راہ میں شہید ہونے والوں کی نماز جنازہ پڑھائی۔
اس موقع پر شہید جنرل محمد رضا زاہدی، شہید بریگیڈیئر محمد ہادی حاجی رحیمی، شہید حسین امان اللہی، شہید سید مہدی جلادتی، شہید محسن صداقت، شہید علی آقا بابایی اور شہید سید علی صالحی کے اہل خانہ بھی موجود تھے۔
گزشتہ شب فاطمہ الزہرا امام بارگاہ میں شہداء سے الوداعی پرگرام کا انعقاد ہوا۔
یاد رہے صیہونی حکومت نے دمشق میں اسلامی جمہوریہ ایران کے قونصل خانے پر راکٹ حملہ کیا جس میں ایران کے 7 فوجی مبصرین شہید ہو گئے۔
رہبر انقلاب اسلامی نے شام میں ایرانی قونصل خانہ پر حملے اور جنرل زاہدی اور ان کے ساتھیوں کی شہادت کی مناسبت سے اپنے پیغام میں زور دیا کہ غاصب و نفرت انگيز صیہونی حکومت کو اپنے کئے پر پچھتانے پر مجبور کر دیں گے۔
آپ کا تبصرہ