جمعرات کے روز، اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس کے دوران، ممتاز زہرہ نے ارنا کے رپورٹر کے سوال کے جواب میں کہا کہ ایران اور پاکستان نے مختلف شعبوں میں اپنے تمام سرکاری رابطے، مذاکرات اور تبادلے دوبارہ شروع کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کو وسعت دینے پر خصوصی توجہ ہے اور اسی مناسبت سے ایران کے نائب وزیر خارجہ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی وفد اقتصادی سفارت کاری کے لیے اسلام آباد پہنچا ہے۔
ممتاز زہرا نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان دو طرفہ تعاون کی موجودہ سطح کو بہتر بنانے کے لیے مذاکرات جاری ہیں اور دونوں فریق مشترکہ مفادات کے حصول کے لیے پرعزم ہیں۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے عوام اور حکومت صدر ایران سید ابراہیم رئیسی کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں۔
اس رپورٹ کے مطابق، ایران کے اقتصادی سفارت کاری کے نائب وزیر مہدی صفری دو طرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے پاکستانی حکام سے ملاقات کے لیے آج (جمعرات) صبح اسلام آباد پہنچے ہیں۔
اعلیٰ سطحی ایرانی وفد کے ارکان آئل، کامرس، فنانس، ایوی ایشن اور ٹرانسپورٹ کی وزارتوں کے اعلیٰ حکام کے علاوہ پاکستان کے نائب وزیر خارجہ سے ملاقات کریں گے۔
یہ مذاکرات دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان تجارتی شعبوں میں تعلقات کی ترقی، سرحدی منڈیوں کی توسیع، ٹرانزٹ، آزاد تجارتی معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے عمل کو آگے بڑھانے اور ایران اور پاکستان کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے باہمی مواقع کی تلاش پر مرکوز ہیں۔
آپ کا تبصرہ