مقامی میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے ارنا کی رپورٹ کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی سی ٹی ڈی نے چینی انجینئروں پر حملے کے ذمہ داروں کی شناخت اور گرفتاری کے لیے آپریشن کے دوران صوبہ خیبر پختونخوا میں تحریک طالبان پاکستان گروپ سے وابستہ ایک دہشت گرد نیٹ ورک تہس نہس کردیا ہے۔
پاکستانی سکیورٹی حکام نے بتایا ہے کہ چینی انجینئروں پر حملے میں ملوث 10 دہشت گردوں اور اس سازش کے سہولت کاروں کو گرفتار کرلیا گيا ہے۔
پاکستان سی ٹی ڈی نے مزید کہا کہ دہشت گردی کی کارروائی کے اصل منصوبہ ساز کو بھی گرفتار کر لیا گیا جبکہ خودکش حملہ آور کے بارے میں بتایا ہے کہ وہ افغان شہری تھا۔
گزشتہ ہفتے پاکستان میں چینی شہریوں پر ہونے والے حملے نے ایک بار پھر دونوں ہمسایہ اور اتحادی ممالک کے تعلقات کشیدگی پیدا کردی ہے۔
سینئر چینی حکام نے پاکستانی جانب سے چینی انجینئروں پر حملے کے ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا اور اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے دشمن تعلقات اور تعاون کو خراب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
گزشتہ جمعہ کو چین نے پاکستان میں اپنے شہریوں کے خلاف حالیہ حملے کی تحقیقات کے لیے ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم اسلام آباد بھیجی تھی۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ میں منگل کو ہونے والے ایک خودکش حملے میں 5 چینی انجینئر اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوگیا تھا۔
اس سے قبل پاکستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا تھا کہ چین اور پاکستان اپنے مشترکہ دشمنوں کو جانتے ہیں اور ہم واضح طور پر اعلان کرتے ہیں کہ کوئی بھی ملک، گروہ یا فرد جو پاکستان میں چینی شہریوں کو نشانہ بناتا ہے اسے پاکستان اور چین کا دشمن تصور کیا جاتا ہے۔
ممتاز زہرہ کا کہنا تھا کہ چین کے ساتھ ہمارے اسٹریٹجک اور دیرینہ تعلقات بہت اہمیت کے حامل ہیں اور ہم سمجھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے دشمن ہمارے تعلقات کو خراب کرنا چاہتے ہیں۔
آپ کا تبصرہ