ارنا کے مطابق صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے رمضان المبارک کی آمد کی مناسبت سے مسلمان ملکوں کے سربراہوں کے نام مبارکباد کا پیغام جاری کیا ہے۔
انھوں نے اپنے اس پیغام میں مسلمین عالم کے درمیان معنوی اور دینی برادری اور امن و آشتی کے فروغ کی آرزو کی ہے۔
صدر ایران سید ابراہیم رئیسی نے رمضان المبارک کی مناسبت سے اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ انہیں یقین ہے کہ مسلمان فلسطینی عوام کی مجاہدت اور عالم اسلام کی جانب سے ان کی حمایت جاری رہنے کے نتیجے میں خدا کے فضل سے فلسطین آزاد ہوگا اور قبلہ اول عالم اسلام کی آغوش میں واپس آئے گی۔
سید ابراہیم رئیسی نے امید ظاہر کی ہے کہ رمضان کے مبارک مہینے کی برکت سے امت اسلامیہ کے درمیان اخوت محکم ہوگی ،اسلامی ملکوں کے باہمی روابط میں فروغ آئے گا اور تسلط پسندوں بالخصوص غاصب صیہونی حکومت کے خلاف مجاہدت ، مقدس سرزمین فلسطین پر ستر برس سے زائد عرصے سے جاری تسلط کے خاتمے پر منتج ہوگی۔
صدر ایران نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ گزشتہ چند مہینوں کے دوران غزہ میں معصوم بچوں سمیت 30 ہزار سے زائد مظلوم انسان شہید ہوئے ہیں ، ہمیں امید ہے کہ اس مبارک مہینے کی برکت سے ہم مظلوم اور ستم رسیدہ فلسطینی عوام کو اس مصیبت سے نجات دلانے نیز ملت فلسطین سمیت پوری امت اسلامیہ کی سربلندی اور عزت و شرف کے لئے موثر قدم اٹھائيں گے۔
آپ کا تبصرہ