فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان اشرف القدرہ نے کہا ہے کہ عالمی برادری کو فلسطینی خواتین کے حقوق کی کوئی پرواہ نہیں ہے جس کا منہ بولتا ثبوت صیہونی دشمن کے مجرمانہ حملوں کے سامنے ان کی خاموشی ہے۔
انہوں نے کہا کہ غاصب دشمنوں نے 7 اکتوبر سے اب تک غزہ میں 9 ہزار فلسطینی خواتین کو شہید کیا ہے جن میں مائیں، حاملہ خواتین اور ڈاکٹر اور نرسیں شامل ہیں۔
اشرف القدرہ نے کہا کہ 60 ہزار سے زیادہ حاملہ فلسطینی خواتین کو اس وقت کھانے، پینے اور طبی خدمات کی شدید قلت کا سامنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر مہینے تقریبا 5 ہزار حاملہ فلسطینی خواتین انتہائی مشکل اور غیرمحفوظ حالات میں بچہ پیدا کر رہی ہیں۔
فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان نے خواتین کے شعبے میں سرگرم اداروں اور تنظیموں سے فلسطینی خواتین کی حمایت میں اٹھ کھڑے ہونے اور غزہ کے مظلوم عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کو ختم کرنے کی اپیل کی ہے۔
یاد رہے کہ غزہ کی وزارت صحت کے اعلان کے مطابق، جمعرات 7 مارچ کو اسرائیلیوں نے غزہ میں مزید 83 لوگوں کو شہید اور 142 کو زخمی اور معذور کردیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ غزہ میں شہیدوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہزار 800 ہوگئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 72 ہزار پار کرچکی ہے۔
آپ کا تبصرہ