آرمان اور آذرخش اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کم وقت میں اہداف کو تباہ کر نے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ایران کے وزیر دفاع

تہران (ارنا) ایران کے وزیر دفاع نے آرمان اور آذرخش اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ میزائل ایران کی دفاعی صنعت کی دو بڑی کامیابیاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ دونوں سسٹم کم سے کم وقت میں اہداف کو نشانہ بنانے اور تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

ارنا کے دفاعی نامہ نگار کے مطابق، بریگیڈیئر جنرل محمد رضا آشتیانی نے ہفتہ (17 فروری) کو ملک کے نئے دفاعی نظاموں کی نقاب کشائی کی تقریب کے دوران کہا کہ وزارت دفاع ملک کی دفاعی طاقت کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا آرمان اینٹی بیلسٹک میزائل سسٹم درمیانی رینج اور ہائی آلٹیٹیوڈ کے ساتھ ایک مکمل ٹیکٹیکل سسٹم ہے، جو 180 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود ہدف کو پہچان سکتا ہے اور 120 کلومیٹر کی رینج میں ٹارگٹ کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ یہ سسٹم انتہائی حساس اور طاقتور ہونے کی وجہ سے 3 منٹ سے بھی کم وقت میں آپریشن کے لیے ایکٹیویٹ ہو سکتا ہے اور ملک کی فضائی سلامتی کے دفاع کے لیے ایک قابل اعتماد شیلڈ فراہم کرتا ہے۔

بریگیڈیئر جنرل آشتیانی نے آذرخش سسٹم کے متعلق بریف کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے اہم مراکز کو ڈرونز اور مائیکرو برڈز کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے کم رینج کا آذرخش بہترین ہے جو ہر قسم کی گاڑیوں پر نصب کیا جاسکتا ہے۔

اس حساس سسٹم میں جدید 3D ریڈار سسٹم، آپٹیکل سرچ اور ایڈوانس سیکرز کا استعمال کیا گیا ہے اور کم سے کم وقت میں اہداف کو تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور اسے رات اور دن میں کسی بھی وقت استعمال کیا جاسکتا ہے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .