ایران کے وزیر خارجہ نے اسلامی جہاد فلسطین کے سیکریٹری جنرل سے گفتگو کی

تہران-ارنا- اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ  اور فلسطین کی اسلامی جہاد تنظيم کے سیکریٹری جنرل نے جعرات کی رات ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ و فلسطین کے حالات اور جنگ بندی کے تجاويز پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان نے اس ٹیلی فونی گفتگو میں غزہ کے مظلوم عوام کے خلاف صیہونی حکومت کے جرائم کو روکنے کے لئئے علاقائی وعالمی سطح پر کوششوں کے جاری رہنے ، انسان دوستانہ امداد کی ترسیل اور فلسطینیوں کی جبری جلاء وطنی کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا۔

حسین امیر عبد اللہیان نے صیہونی حکومت کے وسیع جرائم کے باوجود گزشتہ 4 مہینوں سے فلسطینی قوم اور تنظیموں کی استقامت کو پورے عالم اسلام، دنیا بھر کے حریت پسندوں اور عالم انسانیت کے لئے قابل فخر بتایا اور زور دیا کہ سر زمین کے اصل مالک کی حيثیت سے فلسطینی قوم کو یہ حق حاصل ہےکہ وہ اپنے مستقبل کے بارے میں خود فیصلہ کریں اور کوئي بھی فریق  باہر سے آکر اپنی مرضی یا سیاسی تجویز ان پر مسلط نہيں کر سکتا۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں اسلامی جہاد تنظيم کے سیکریٹری جنرل زياد النخالہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کے رہبر انقلاب، صدر، حکومت اور قوم کی جانب سے فلسطینی کاز اور بیت المقدس کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے غزہ پٹی اور غرب اردن میں فلسطینی قوم کی شجاعانہ استقامت کی ایک رپورٹ پیش کی اور زور دیا کہ یقینی طور پر فلسطینی قوم اور مزاحمتی محاذ کو ہی فتح حاصل ہوگي اور غاصب صیہونیوں کے پاس فلسطینی قوم کے فولادی ارادے کے سامنے گھٹنے ٹیکنے کے علاوہ کوئي اور راستہ نہيں ہوگا۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .