ایرانی وزارت خارجہ کی جانب سے ایران کے فوجی مشیروں کو شہید کرنے پر صیہونی حکومت کی مذمت

تہران (ارنا) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ہفتے کی صبح دمشق کے المزہ کے رہائشی علاقے پر حملے کے نتیجے میں 4 ایرانی فوجیوں کی شہادت پر صیہونی حکومت کے اس مجرمانہ اور جارحانہ اقدام کی شدید مذمت کی ہے۔

ارنا کے مطابق ناصر کنعانی نے اپنے بیان میں کہا کہ شام کی خود مختاری اور ارضی سالمیت کی بار بار خلاف ورزی اور مجرمانہ اور بچوں کو مارنے والی صیہونی حکومت کی جانب سے شام کے مختلف اہداف پر جارحانہ اور اشتعال انگیز حملوں میں اضافے سمیت گذشتہ 100 دنوں میں غزہ اور مغربی کنارے میں مزاحمتی قوتوں سے لڑنا اور خطے میں عدم استحکام اور عدم تحفظ پھیلانا اس حکومت کی بے بسی کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سمیت علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے لیے ضروری ہے کہ صیہونی حکومت کے جارحانہ، دہشت گردانہ اور مجرمانہ اقدامات پر واضح ردعمل ظاہر کریں اور اس کی سختی سے مذمت کریں۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے تاکید کی کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے فوجی مشیر جو شام کی حکومت کی سرکاری دعوت پر اس ملک میں موجود ہیں، شام کی حکومت، فوج اور عوام کی جنگ میں مدد، شام میں امن، استحکام اور دیرپا سلامتی کے قیام میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

کنعانی نے کہا کہ صیہونی حکومت کے ہاتھوں ایران کے فوجی مشیروں کا قتل اس دہشت گرد حکومت اور علاقے کے مختلف دہشت گرد اور داعشی گروہوں کے درمیان گہرے اور منظم تعلق کو ظاہر کرتا ہے۔

 انہوں نے مزید کہا کہ بلاشبہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران، جعلی صیہونی حکومت کی منظم دہشت گردی کا مناسب وقت اور جگہ پر جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

وزارت خارجہ کے ترجمان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کے شہداء اور ہیروز کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .