ارنا کے مطابق تہران میں ایران کے شہری ترقی اور شاہراہوں کی توسیع کے وزیر مہرداد بذر پاش اور ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر کے مذاکرات میں چابہار بندرگاہ کی توسیع کے تعلق سے اب تک کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
دونوں وزیروں کے مذاکرات میں چابہار بندرگاہ کی توسیع کے معاہدے کو آخری شکل دی گئی ۔
ان مذاکرات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے شہری ترقی اور شاہراہوں میں توسیع کے وزیر نے ایران اور ہندوستان کے درمیان باہمی تعاون میں فروغ کے لئے نقل وحمل کی مشترکہ کمیٹی کی تجویز پیش کی۔
انھوں نے کہا کہ اس کمیٹی کے تشکیل سے ٹرانزٹ کی گنجائشوں اور شمال جنوب کوریڈور سے حد اکثر استفادے میں مدد ملے گی۔
ہندوستان کے وزیر خارجہ ایس جے شنکر نے ایران میں ٹرانزٹ اورنقل و حمل کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری کے لئے اپنے ملک کی آمادگی کا اعلان کیا اور ایران کے شہری ترقی اور شاہراہوں میں توسیع کے وزیرمہرداد بذرپاش کو ہندوستان کے دورے کی دعوت دی ۔
چابہار کی شہید بہشتی بندگارہ کے دوسرے فیزکی توسیع اور اس میں مال بردار بحری جہازوں سے سامان اتارنے اور لادنے کی گنجائشیں بڑھانا بھی حکومت ایران کے اہم ترقیاتی منصوبوں میں شامل ہے۔
قابل ذکر ہے کہ ایران کی، چابہار کی ، شہید بہشتی بندرگاہ کے پہلے فیز کی بنیادی تنصیبات تیار ہوگئی ہیں اوراس کو ضروری وسائل سے آراستہ کرنے کا کام بھی تکمیل کے قریب پہنچ چکا ہے۔
ایران کے شہری ترقی اور شاہراہوں کی توسیع کے وزیر مہرداد بذر پاش نے گزشتہ 26 دسمبر کو صوبہ سیستان وبلوچـستان کےدورے میں چابہار بندرگاہ کی بنیادی تنصیبات ، لاجسٹک پروجکٹوں اور آلات و وسائل کا معائنہ کیا تھا ۔
انھوں نے اسی کے ساتھ چابہار بندرگاہ میں پرائیویٹ سیکٹر کی سرمایہ کاری کے پانچ بڑے پروجکٹوں پر کام شروع کرنے کے احکامات بھی صادر کئے تھے۔
آپ کا تبصرہ