ارنا کے فارن پالیسی رپورٹر کے مطابق، وزارت خارجہ کے ترجمان ناصر کنعانی نے "تہران انٹرنیشنل میڈیا کانفرنس، دہشت گردی کے خلاف میڈیا اتحاد" سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الاقصیٰ طوفان آپریشن کا محرک صیہونی حکومت کے لیے امریکہ کی مکمل حمایت اور انسانی حقوق اور بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حقوق کی سنگین اور مسلسل خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ الاقصیٰ طوفان آپریشن نے صیہونی حکومت اور انسانی حقوق کے دفاع کا دعویٰ کرنے والوں کا اصل چہرہ پوری دنیا کو دکھا دیا اور بلاشبہ اس نے فلسطین کے حق میں سٹریٹجک توازن کو بدل دیا۔
ناصر کنعانی نے کہا کہ الاقصی طوفان آپریشن نے صیہونی حکومت کو رسوا کر دیا ہے جس نے امریکہ کی مدد سے عرب اور اسلامی حکومتوں کے ساتھ سیاسی تعلقات کو معمول پر لانے کی کوشش کی تھی۔ آج اس آپریشن نے غاصب حکومت کو ہیگ میں واقع بین الاقوامی عدالت انصاف میں مقبوضہ علاقوں میں وحشتناک جرائم کے ملزم، مجرم اور مرتکب کے طور لاکھڑا کیا ہے۔
وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ عالمی عدالت انصاف غزہ کے عوام کے خلاف جرائم کے حوالے سے جنوبی افریقہ اور بعض دیگر حکومتوں کی صیہونی حکومت کے خلاف شکایت کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرے اور امریکہ کے سیاسی اور غیر سیاسی دباؤ کو تسلیم نہ کرے۔
آپ کا تبصرہ