مختلف ملکوں کے اسپیکروں نے کرمان میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی

تہران-ارنا- قطر، متحدہ عرب امارات، عمان، شام، ترکیہ اور ٹیونیشیا کے اسپیکروں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلام کے سربراہ سے الگ الگ رابطہ کرکے گزشتہ روز کرمان میں دہشت گردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

ایران کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے جمعرات کو قطر، متحدہ عرب امارات، عمان، شام، ترکیہ اور ٹیونیشیا کے اسپیکروں سے الگ الگ گفتگو کی۔ ان 6 ملکوں کے اسپیکروں نے کرمان دہشت گردانہ حملے پر تعزیت پیش کی اور ڈاکٹر قالیباف نے بھی اس پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کرمان میں دہشت گردانہ حملے کے بارے میں کہا: جیسا کہ قائد انقلاب اسلامی نے فرمایا ہے کہ بلا شبہ دہشت گردوں کو اپنے اس جرم کا سخت جواب دیا جائے گا۔

قالیباف نے پوری دنیا میں قیام امن کی دعا کی اور زور دیا کہ یقینی طور پر دہشت گردوں کو جلد ہی اپنے اس جرم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا اور اسلامی جمہوریہ ایران کرمان سانحہ کے ذمہ داروں کو سزا دے گا۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں اگلے بدھ کو تہران میں پی یو آئي سی اور اے پی اے کی ہنگامی نشست پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے اسپیکر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ غزہ اور فلسطین میں بڑے سخت حالات ہيں کہا کہ ان سخت حالات کو ختم کرنے کے لئے ہمیں فلسطین کے سلسلے میں اپنے فرائض پر عمل کرنا چاہیے تاکہ پوری دنیا اسلامی ملکوں کی پارلیمانی یونین اور اسی طرح ایشیائی پارلیمانی یونین کی جانب سے فلسطینیوں کی حمایت کا مشاہدہ کرے۔

اس ٹیلی فونی گفتگو میں قطر کے اسپیکر حسن عبد اللہ الغانم، متحدہ عرب امارات کے اسپیکر صغر غباش، عمان کے ہلال بن ناصر المعولی، شام کے حمودہ صباغ ، ترکیہ کے نعمان کورتولموش اور ٹیونیشیا  کے اسپیکر ابراہیم بودربالہ نے فلسطین کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے حکمیانہ اور سنجیدہ موقف کی تعریف کرتے ہوئے تہران میں فلسطین کمیٹی کی ہنگامی نشست کے انعقاد کے فیصلے کو بھی سراہا ہے۔

اسی طرح ان چھے ملکوں کے اسپیکروں نے ایران کے ساتھ خاص طور پر پارلیمانی تعلقات میں توسیع پر زور دیا ہے۔

یاد رہے بدھ کی شام ایران کے کرمان شہر میں شہید قاسم سلیمانی کے مزار کے راستے میں بزدلانہ دہشت گردانہ بم دھماکے میں اب تک 84 لوگ شہید اور 284 زخمی ہو ئے ہيں۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .