پاکستان کے ایوان صدر نے جمعرات کو ایک بیان جاری کیا جس میں صدر پاکستان عارف علوی نے کرمان شہر میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے پر ایران کے صدرسید ابراہیم رئیسی اور عوام کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا۔
عارف علوی نے اپنے پیغام میں کرمان میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کو ایک وحشیانہ فعل قرار دیتے ہوئے کہا کہ غم کے اس موقع پر پاکستان اور اس کے عوام ایرانی قوم کے ساتھ کھڑے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ان دھماکوں میں اپنے پیاروں کو کھونے والے سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔
علوی نے کرمان کے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی۔
گزشتہ روز کرمان میں ہونے والے دہشتگردی کے المناک واقعہ کے چند گھنٹے بعد ہی پاکستان کے وزیر اعظم، وزیر خارجہ اور پارلیمنٹ کے اسپیکر نے الگ الگ پیغامات میں دہشت گردی کے اس واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
پاکستان کی سینیٹ کے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین نے بھی آج الگ الگ پیغامات میں کرمان میں ہونے والے دہشت گردانہ دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ انسانیت کے خلاف اس جرم کے مرتکب افراد کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔
کرمان ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ ڈاکٹر سید محمد صابری نے بتایا ہے کہ شہداء کی لاشوں کی درست شناخت اور فرانزک ڈاکٹر کے اعلان کے مطابق شہداء کی تعداد 84 ہے۔ اس سے پہلے، یہ اعداد و شمار 95 افراد بیان کیے گئے تھے.
انہوں نے کہا کہ اس واقعہ میں مجموعی طور پر 284 افراد زخمی ہوئے جن میں سے اب تک 89 کو ڈسچارج کر دیا گیا ہے جبکہ 195 ہسپتال میں داخل ہیں۔
آپ کا تبصرہ