تہران (ارنا) سانحہ کرمان کی عالمی سطح پر مذمت کا سلسلہ جاری ہے اور عراق، قطر، سعودی عرب، عمان، کیوبا اور وینیز ویلا سمیت بہت سے ملکوں نے ایران کے عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
ارنا کے مطابق عراقی حکومت کے ترجمان باسم العوادی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان کی حکومت کرمان میں دہشت گردی کے واقعے کی مذمت اور ایرانی حکومت کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہار کرتی ہے۔
قطر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ قطری حکومت کا موقف مکمل طور پر تشدد، دہشت گردی اور مجرمانہ اقدامات کے خلاف ہے، چاہے ان کے محرکات اور وجوہات کچھ بھی ہوں۔
قطر کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ دوحہ کی حکومت سانحے کرمان میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ، حکومت اور ایرانی قوم کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتی ہے اور اس حادثے میں زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتی ہے۔
عمان کی وزارت خارجہ نے بھی اپنے ویب سائٹ پر ایک بیان جاری کر کے سانحے کرمان پر حکومت ایران اور ایرانی عوام سے ہمدردی کا اظہار اور زحمیوں کی جلد صحت کی تمنا کی ہے۔
عمان کی وزارت خارجہ نے کہا ہے وہ دہشت گردی اور تشدد کی ہر شکل کی مذمت کرتے ہیں۔
سعودی وزارت خارجہ کے جاری کردہ بیان میں کہا گيا ہے کہ ہم ایران میں عام شہریوں کے خلاف ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ بیان میں ایرانی عوام اور حکومت سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا گيا ہے۔
یمنی علماء کونسل نے بھی نے کرمان میں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی برسی کے موقع پر دہشت گردانہ بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
وینزویلا نے کرمان شہر میں جنرل قاسم سلیمانی کی شہادت کی چوتھی برسی کی یاد میں آج کے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک بیان جاری کیا۔
وینزویلا کی وزارت خارجہ نے متاثرین کے خاندانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے علاوہ زخمیوں کی صحت یابی اور دہشت گردی کے اس واقعے کے ذمہ داروں کو سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
آئرلینڈ کے وزیر خارجہ مائیکل مارٹن نے اپنے سوشل میڈیا پیغام (X) میں کہا ہے کہ میں ایران میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید مذمت کرتا ہوں اور یہ کہ دہشت گردی اور تشدد کو کسی صورت جائز قرار نہیں دیا جاسکتا۔
کیوبا کی حکومت نے بدھ کے روز کرمان شہر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ اپنی ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
جرمنی کی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ہم نے کرمان میں ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کی خبر سنی جس میں درجنوں بے گناہ شہری مارے گئے ہیں، ہمیں دلی صدمہ پہنچا ہے، اور ہم دہشت گردی کے اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں۔
نکاراگوئے کی حکومت نے اپنے بیان مں اس دیشتگردانہ حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
واضح رہے کہ ایران کے شہر کرمان میں بدھ کے روز ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوئے ہیں۔ ایران کے وزیر صحت نے اس سانحے میں 95 افراد کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ اس سے پہلے آمدہ خبروں میں شہیدوں کی تعداد 103 یا اس سے زیادہ بتائی گئی تھی۔ ایران کے وزیر صحت کا کہنا ہے کہ ابتدائی فہرست مرتب کرنے میں بعض شہیدوں کے نام کئی بار درج ہوگئے تھے جس کی اصلاح کردی گئی ہے۔
آپ کا تبصرہ