ترجمان وزارت خارجہ ناصر کنعانی نے منگل کی رات حماس کے نائب سربراہ شیخ صالح العاروری اور القسام بریگیڈ کے دو کمانڈروں کو بیروت میں قتل کے صیہونی حکومت کے بزدلانہ اقدام کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے زور دیا ہے کہ جرائم پیشہ صیہونی اس قسم کے جرائم کا ارتکاب کرکے، ایک بار پھر یہ ثابت کر رہے ہیں کہ صیہونیوں کی کھوکھلی بنیاد قتل اور جرم پر بنی ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ نے حماس کے نائب سربراہ شیخ صالح العاروری کے قتل کی شدید مذمت کی اور اسے گزشتہ تین مہینوں کے دوران فلسطینیوں کی بے مثال استقامت کے سامنے صیہونی حکومت کی لاچاری اور شکست کا نتیجہ قرار دیا۔
ناصر کنعانی نے شہید صالح العاروری اور ان کے ساتھیوں کی شہادت پر حماس کی قیادت، ان کے اہل خانہ اور فلسطین کے مجاہد عوام کو مبارک باد و تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کا خون استقامتی محاذ کی رگوں میں نیا ابال پیدا کرے گا اور صیہونیوں کے خلاف جد و جہد کا جذبہ صرف فلسطین میں نہيں بلکہ پورے علاقے میں اور دنیا بھر کے حریت پسندوں میں مزید پھیل جائے گا۔
ترجمان وزارت خارجہ نے اسی طرح صیہونی حکومت کی جانب سے لبنان کے ارضی سالمیت اور اقتدار اعلی کی خلاف ورزی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس صیہونی حکومت کے اس دہشت گردانہ اقدام پر بین الاقوامی اداروں خاص طور پر سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داری پر فوری طور پر عمل کرنا چاہیے اور صیہونی حکومت کی اس نئي مہم جوئي کے نتائج کی ذمہ داری صیہونی حکومت اور اس کے حامیوں پرہے۔
آپ کا تبصرہ