ہمارے نمائندے کے مطابق پاکستان کے وزیر اطلاعات غلام مرتضی سولنگی نے آج اسلام آباد میں متعین ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گيا۔
فریقین نے تجارتی اور اقتصادی شعبوں میں باہمی تعاون کی اہمیت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ تہران اور اسلام آباد کے درمیان اقتصادی تعاون تنظیم (ECO)، مشرق مغرب کوریڈور ، بندرگاہوں کے شعبے میں دو طرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ ثقافتی اور میڈیا تعلقات کو فروغ دنیا ضروری ہے۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات نے کہا کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ قریبی اور دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ہم سمجھتے ہیں کہ ثقافتی اور میڈیا رابطوں کو وسعت دینا دونوں ہمسایہ ممالک کی ضرورت ہے۔
انہوں نے پاکستان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی اور اسلامی جمہوریہ نیوز ایجنسی (IRNA) کے درمیان موجودہ تعاون کے معاہدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان میڈیا تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے فلم اور سینما انڈسٹری نیز دونوں ملکوں کے ادبی اور ڈثقاقتی اداروں کے درمیان تعاون کے معاہدے ، ایران اور پاکستان کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اس ملاقات میں ایران کے سفیر نے پاکستان کے وزیر اطلاعات کو دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی اور تجارتی تعاون کی سطح کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے حکام کے درمیان رابطے تجارتی سرگرمیوں اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول فراہم کرسکتے ہیں۔
پاکستان کے وزیر اطلاعات نے یہ بات زور دے کر کہی کہ اسلام آباد باہمی اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے تہران کے ساتھ تعاون کے لیے پرعزم ہے۔
انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کے ثقافتی وفد کے مجوزہ دورہ پاکستان کا بھی خیرمقدم کیا اور کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے ثقافتی اور ابلاغیاتی اداروں سے وابستہ افراد کے درمیان قریبی رابطے کا ایک اچھا موقع فراہم کرے گا۔
آپ کا تبصرہ