پاکستان کیجانب سے  غزہ سے متعلق اقوام متحدہ کے منشور کی شق 99 کو فعال کرنے کے مطالبے کا خیر مقدم

اسلام آباد (ارنا) پاکستان کے وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے غزہ کے حوالے سے شق 99 کو فعال کرنے کی درخواست کا خیرمقدم کرتے ہوئے سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطین میں انسانی تباہی کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

ارنا کے مطابق، جلیل عباس جیلانی نے جمعرات کو ایک بیان میں کہا ہے کہ پاکستان غزہ میں اقوام متحدہ کے منشور کی شق 99 کو فعال کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریس کی درخواست کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ارکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اب سلامتی کونسل  فلسطینیوں کی جانوں کے تحفظ اور غزہ کے اس المیے کو ختم کرنے کے لیے لازمی اقدامات عمل میں لائے۔

اس سے پہلے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان نے غزہ کی پٹی میں تشدد میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا اور شق 99 کو فعال کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی درخواست کی بھرپور حمایت کی تھی۔

پاکستان کے دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا نے صیہونی حکومت کے جرائم کی مذمت کرتے ہوئے غاصب اسرائیل کے حامیوں سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی جارحیت کو روکنے، فوری اور مستقل جنگ بندی کی غرض سے صیہونی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔

قابل ذکر ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریس نے بدھ کی رات اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو غزہ کی صورتحال کے بارے میں ایک خط بھیجا ہے جس میں انہوں نے شق نمبر 99 کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے۔

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے خبردار کیا ہے کہ غزہ کی صورتحال بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے خطرہ ہے اور عالمی برادری کو اس بحران کے خاتمے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرنا چاہیے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .