سید ابراہیم رئیسی اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے

تہران (ارنا) اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر متحدہ عرب امارات میں ہونے والے اقوام متحدہ کے موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں صیہونی حکام کو دعوت دیئے جانے کی وجہ سے احتجاجا شرکت نہیں کریں گے۔

ارنا کی رپورٹ کے مطابق، متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید آل نھیان نے برکس اجلاس کے موقع پر حسین امیر عبداللہیان سے ملاقات میں سید ابراہیم رئیسی کو موسمیاتی تبدیلی کے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

 COP  اقوام متحدہ کا سالانہ موسمیاتی اجلاس ہے جسمیں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق تبادلہ خیال کیا جاتا ہے۔

تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق متحدہ عرب امارات میں ہونے والے COP کے اس 28 ویں اجلاس میں مختلف ممالک کے 140 مندوبین شرکت کررہے ہیں۔

"COP 28"  کانفرنس آج (جمعرات) 30 نومبر کو دبئی میں شروع ہوچکی ہے اور 12 دسمبر تک جاری رہے گی۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر صیہونی حکومت کے حکام کی اس کانفرنس میں شرکت کےخلاف احتجاجا شریک نہیں ہونگے اور انکی جگہ توانائی کے وزیر علی اکبر محرابیان کانفرنس میں شامل ہونے کے لیے  دبئی روانہ ہوگئے ہیں۔

ایران کے وزیر خارجہ نے اپنے اماراتی ہم منصب کے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو میں اقوام متحدہ کی طرف سے  "COP 28" کی بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد اور متحدہ عرب امارات کی صدارت کو خوش آیند قرار دیا مگر ساتھ ہی غزہ کی انسانیت سوز صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے اس کانفرنس میں قابض اسرائیلی حکومت کے اہلکاروں کی موجودگی پر تحفظات کا اظہار کیا۔  

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .