ان رپورٹوں کے مطابق دیر البلح میں صیہونی فوج کے تازہ حملے میں کم سے کم 3 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں ۔
غاصب صہیونی فوج نے دیر البلح ، المغازی، اور البریج پر شدید گولہ باری کی ہے
اسی طرح شمالی غزہ کے ابو اسکندرنامی علاقے میں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں درجنوں بے گناہ فلسطینی عوام کے شہید اور زخمی ہونے کی خبر ہے۔
درایں اثنا بیت لاہیہ میں فلسطینی مجاہدین اور صیہونی حکومت کے بھاری ہتھیاروں سے لیس فوجیوں کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے۔
بیت لاھیہ کے داخلی راستے اور خاص طور پر کمال عدوان اسپتال کے ارد گرد شدید لڑائی جاری ہے۔ صیہونی حکومت کی فوج شمال مغربی سیکٹر بالخصوص بیت لاھیہ میں پیش قدمی کی سر توڑ کوشش کر رہی ہے۔
القسام بریگيڈ کے جوانوں نے لڑائی کے دوران صیہونی فوجیوں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے اور ان کے متعدد ٹینک اور بکتر بند گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔
فلسطینی جوانوں نے الزیتون کے علاقے میں دراندازی کرنے والے ایک اور اسرائیلی ٹینک نشانہ بنا کر تباہ کردیا ہے۔
اسی دوران فلسطینی ذرائع نے بتایا ہے کہ غاصب صیہونی حکومت کا توپ خانہ البرج کے مشرق میں واقع جہر الدیک علاقے پر گولہ باری کر رہا ہے جب کہ اس علاقے میں شدید لڑائی جاری ہے۔
المیادین کے رپورٹر نے بھی مرکزی علاقوں اور خانیونس پر صیہونی حکومت کی بمباری اور گولہ باری کی خبر دیتے ہوئے بتایا ہے کہ شام کے شمال میں ابو قمر اسٹریٹ پر صیہونی فوج کے ڈرون حملے میں 4 عام شہری شہید ہوگئے ہیں۔
صیہونی حکومت نے غزہ کے جنوب میں رفح میں السعودی محلے کو بھی فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔
غاصب صیہونی حکومت کی جارح فوج نے غزہ کے الجبالیا کیمپ پر بھی حملہ کیا ہے جس میں متعدد فلسطینی شہید اور زخمی ہوگئے ۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صیہونی فوج کے جنگي بحری جہازوں نے بھی غزہ کے دیر البلح اور النصیرات نامی علاقوں پر گولہ باری کی ہے۔
یہ ایسی حالت میں ہے کہ غزہ میں فلسطینی حکومت کے انفارمیشن سینٹر نے اس سے پہلے بتایا تھا کہ غزہ میں غاصب صیہونی حکومت کے حملوں میں شہید ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 6 سو سے تجاوز کرگئی ہے۔
اس رپورٹ کے مطابق غزہ میں شہید ہونے والوں میں 6 ہزار بچے اور تقریبا 4 ہزار خواتین ہیں۔
فلسطین انفارمیشن سینٹر کے مطابق غزہ ميں صیہونی فوج کے وحشیانہ حملوں میں لاپتہ ہونے والوں کی تعداد 7 ہزار سے زیادہ ہے جن میں اکثریت عورتوں اور بچوں کی ہے
آپ کا تبصرہ