ارنا کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورائے اسلامی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے الجزائری ہم منصب ابراہیم بوغالی سے ٹیلیفونی گفتگو میں غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔
انھوں نے صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کی مذمت میں الجزائر کے موقف کو قابل تعریف بتایا اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں الجزائری پارلیمنٹ کے حالیہ اقدام کا شکریہ ادا کیا۔
اسپیکر محمد باقر قالیباف نے نہتے فلسطینی عوام کے دفاع میں ایران اور الجزائر کے ہم آہنگ اقدام کی ضرورت پر زور دیا۔
انھوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں مظلوم فلسطینی عوام، عورتوں اور بچوں پر، بچوں کی قاتل ناجائز صیہونی حکومت کے وحشیانہ حملوں کو رکوانے کے لئے اسلامی ملکوں کی جانب سے فوری طورپر متحدہ اقدام کی ضرورت ہے۔
ایران کے اسپیکر نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اسلامی ملکوں کی پارلیمانوں کی فلسطین کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کے لئے آمادہ ہے۔
الجزائر کے اسپیکر پارلیمان ابراہیم بوغلی نے فلسطین اور مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں اسلامی جمہوریہ ایران کے موقف کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ الجزائر حریت پسندوں اور انقلابیوں کا ملک ہے اور فلسطینی امنگوں نیز اس سرزمین کے عوام کے برحق حقوق کی حمایت میں اس کا موقف اٹل اور ناقابل تغیر ہے۔
انھوں نے تہران میں اسلامی ملکوں کی پارلیمانوں کی فلسطین کمیٹی کے ہنگامی اجلاس کی تجویز کا خیر مقدم کیا اور اور صیہونی حکومت کے وحشیانہ جرائم کا سلسلہ جلد سے جلد رکوانے اور غزہ کے عوام تک امداد رسانی کی راہیں نکالنے کی ضرورت پر زور دیا۔
آپ کا تبصرہ