پاکستان میں امریکی سفارت خانے کا گھیراو گریں گے، امیر جماعت اسلامی کا اعلان

اسلام آباد )ارنا( جماعت اسلامی پاکستان کے امیر نے متنبہ کیا ہے کہ اگر بائیڈن حکومت نے اسرائیل اور اس کے جرائم کی حمایت بند نہ کی تو پاکستان کے عوام امریکی سفارت خانے کا گھیراؤ کریں گے۔

انہوں نے یہ انتباہ  کراچی میں فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہونے والے دسیوں ہزار لوگوں کے ایک احتجاجی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔    

 جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے آج پاکستان کے وزیر اعظم اور فوج کے سربراہ  سے اپیل کی کہ وہ فلسطین کے دفاع کے لیے عملی اقدامات کریں۔

انہوں نے امریکہ کی جانب سے اسرائيل کی حمایت کی مذمت کرتے ہوئے متنبہ کیا کہ اگر امریکہ نے غزہ میں صیہونیوں کے جرائم کی حمایت بند نہ کی تو ملک بھر سے پاکستانی عوام اسلام آباد آئیں گے اور امریکی سفارت خانے کا گھیراؤ کریں گے۔

 امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اگر صیہونی حکومت کے جرائم نہ روکے گئے تو دنیا تیسری عالمی جنگ کی طرف چلی جائے گی اور اس صورت میں پوری دنیا کے مسلمان غاصبوں کے خلاف ایک اور طوفان الاقصیٰ کا اعلان کریں گے۔  

انہوں نے کہا کہ ایران اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی بحالی عالم اسلام کے لیے اچھی بات ہے اور ہم امت اسلامیہ کے اتحاد سے مشترکہ  چیلنجوں سے نمٹنے، بالخصوص فلسطینیوں کی مدد کی امید رکھتے ہیں۔

سراج الحق نے اس بات پر زور دیا کہ دنیا کے مسلمانوں کو اسرائیل اور اس  کے اتحادیوں کی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔ پاکستانی عوام ہر حال میں اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہم فلسطینوں کی جدو جہد آزادی کی حمایت سے کبھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .