فضائي دفاعی شعبے میں ہم پوری طرح سے خود کفیل، راڈار سے بچنے والے ہر طرح کے طیارے کا پتہ لگا سکتے ہيں، صباحی فرد

تہران- ارنا- اسلامی جمہوریہ ایران کی فضائیہ میں ایئر ڈیفنس یونٹ کے کمانڈر نے کہا ہے کہ ہم مختلف قسم کے سسٹم بنانے کے شعبے  میں خود کفیل ہو گئے ہيں اور اس کی وجہ سے ہم ملک کی سرحدوں سے کئي کیلو میٹر دور سے ہی راڈار سے بچنے والے دشمن کے کسی بھی طیارے کا پتہ لگا سکتے ہيں۔

بری فوج کی فضائی دفاعی فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل علی رضا صباحی فرد نے تہران میں نماز جمعہ کے خطبوں سے پہلے خطاب میں کہا: میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں  کہ فضائیہ کی تشکیل کی سالگرہ کے موقع پر ایک بار پھر آپ لوگوں کی خدمت میں حاضر ہوا ہوں تاکہ ملک کی دفاعی پوزيشن کی تازہ  صورت حال سے آپ کو آگاہ کر سکوں۔

          انہوں نے کہا: ایام عزاداری چل رہے ہيں، قیام عاشورا حریت پسند لوگوں کے لئے سبق اور درس سے بھرا ہے۔

انہوں نے فضائی دفاع کی اہمیت کا ذکرکرتے ہوئے کہا : رہبر انقلاب نے گزشتہ چند برسوں کے دوران 600 سے زائد بار دشمنوں کے سامنے فضائی دفاع کی اہمیت کا ذکر کیا ہے جس کی وجہ سے ملکی فضاؤں کو تحفظ فراہم کرنے کی ہماری ذمہ داری دو چنداں ہو جاتی ہے۔

صباحی فرد نے کہا: امریکہ نے اسلامی جمہوریہ ایران کو نقصان پہنچانے کا کوئي موقع گنوایا نہيں ہے ۔ اسلامی انقلاب کے شروعاتی ایام میں آٹھ سالہ جنگ مسلط کرنا، خلیج فارس میں ایران کے مسافر بردار طیارے  پر براہ راست حملہ، ملک کی معاشی تباہی کے لئے وسیع پابندیاں، بین الاقوامی اداروں میں ایران کے خلاف اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش، بلوؤں اور ہنگاموں کی حمایت جیسے مختلف اقدامات، ایران کے خلاف امریکہ اور اس کے ایجنٹوں کی ہائيبریڈ جنگ کے کچھ نمونے ہيں ۔

انہوں  نے کہا: ایرانی قوم نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ اس پر جتنا زیادہ دباؤ پڑتا ہے، ترقی و آگے بڑھنے کا اس کا جذبہ اتنا ہی بڑھتا ہے چنانچہ ہم انقلاب، ایران اور اسلامی نظام کے دشمنوں کو بتانا چاہتے ہيں کہ تم لوگوں نے ہم پر شدید ترین پابندیاں عائد کیں لیکن جان لو کہ فضائی دفاعی فورس دفاعی محاذ پر سب سے آگے پوری طاقت و آمادگي کے ساتھ ڈٹی ہوئي ہے ۔

فضائی دفاعی یونٹ کے کمانڈر صباحی فرد نے کہا: ہم مختلف طرح کے میزائل،  تابکاری اور غیر تابکاری سنسر، راڈار ، ڈرون طیارے اور الیکٹرانک جنگ کے مختلف ساز و سامان بنانے کے میدان میں مکمل طور پر خود کفیل ہو گئے ہیں جس کی وجہ سے ہم  اپنی سرحدوں سے میلوں دور اڑ رہے کسی بھی قسم کے طیارے کا پتہ لگانے اور اس پر نظر رکھنے پر قادر ہيں۔

انہوں نے زور دیا: دشمن یہ جان لے کہ ہماری فضائی حدود میں در اندازی کا کوئي راستہ نہيں ہے اور  راڈار کی نظروں سے پوشیدہ رہ کر پرواز کرنے والے مختلف طیاروں کو وارننگ دے کر ہم نے یہ ثابت بھی کیا ہے۔

فضائی دفاعی یونٹ کے کمانڈر صباحی فرد نے کہا : ہم بلند آواز میں یہ اعلان کرتے ہيں کہ فضائی دفاعی یونٹ اپنی دفاعی ضرورتوں کے لئے کسی بھی ملک سے وابستہ نہيں ہے اور اس شعبے میں ہم پوری طرح سے خود کفیل ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہا: ایران کی فضائی دفاعی یونٹ آزمودہ طاقت ہے اور دشمن نے بھی یہ سمجھ لیا ہے کہ اگر وہ ہماری ریڈ لائن سے عبور کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب ملے گا ۔ اس لئے ہم خبردار کرتے ہيں کہ دشمن وہم میں پڑ کر غلط قدم نہ اٹھائے اور آزمائے کو دوبارہ نہ آزمائے کیونکہ اس بار زيادہ طاقت سے اور زیادہ بڑا جواب ملے گا اور یہ دھمکی نہيں ہے بلکہ نا قابل انکار حقیقت ہے۔

ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .