عراق نے سویڈن کی سفیر کو ملک سے نکال دیا، اپنے سفیر کو بھی واپس بلایا

بغداد- ارنا- عراقی حکومت نے بغداد میں سویڈن کے سفارت خانے پر حملے کے بعد ایک ہنگامی اجلاس کا انعقاد کیا اور اجلاس کے بعد ایک بیان جاری کرکے، بغداد میں سویڈن کی سفیر سے ملک سے نکل جانے کا مطالبہ کیا۔

          عراق کے وزیر اعظم محمد الشیاع السودانی نے کابینہ کے ہنگامی اجلاس میں، عراقی وزارت خارجہ کو حکم دیا ہے کہ وہ جلد از جلد عراق میں سویڈن کی سفیر کو یہ اطلاع دے کہ انہیں عراق سے نکل جانا ہے۔

          انہوں نے اسی طرح عراقی وزارت خارجہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ جلد از جلد سویڈن میں عراقی ناظم الامور کو بغداد واپس بلائے۔

          اس سے قبل سوئیڈن کے وزير خارجہ ٹوبیاس بلسٹروم نے بغداد میں اپنے ملک کے سفارت خانے پر حملے کے رد عمل میں کہا تھا : یہ واضح ہے کہ عراقی حکام ، سفارتی دفاتر کی حفاظت کی اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے ہيں۔

          کچھ دن قبل عراقی وزیر اعظم کے دفتر کے ایک عہدیدار نے الجزیرہ ٹی وی چينل سے گفتگو میں کہا تھا کہ اگر قرآن کی بے حرمتی دوبارہ کی گئي تو عراق سویڈن سے تعلقات ختم کر لے گا۔

        یاد رہے جمعرات کی صبح عراقی مظاہرین نے سویڈن کے سفارت خانے میں آگ لگائی اور پھر وہ اس میں داخل ہو گئے۔

          عراقی پولیس نے مظاہرین کو منتشر کر دیا تاہم صبح دیر تک سفارت خانے کی عمارت سے دھواں اٹھتا رہا۔

                    ہمیں فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .