دہشت گردوں کی حمایت کرکے اطالوی پارلمینٹ، ایران کے ساتھ تعمیری تعلقات گنوا دے گی، رکن پارلیمنٹ

تہران- ارنا- اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن نے کہا ہے کہ دہشت گرد تنظیم ایم کے او اٹلی میں اپنا نیا اڈہ تلاش کر رہی ہے۔

          شہریار حیدری نے ارنا سے ایک گفتگو میں کہا: دہشت گرد گروہ ایم کے او اپنے دہشت گردانہ ماضی کی وجہ سے عراق سے نکالا گیا تھا جس کے بعد اس نے البانیہ میں پناہ لی لیکن البانیہ نے بھی، اس دہشت گرد گروہ سے واقفیت کی بناء پر کچھ شرطوں کے ساتھ اسے پناہ دی تھی لیکن ان لوگوں نے شرطوں کا لحاظ نہیں کیا جس کے بعد البانیہ کی پولیس نے ان کے خلاف کارروائی کی۔

          انہوں نے کہا کہ حالانکہ اس دہشت گرد گروہ کی حقیقت یورپ سمیت پوری دنیا کے تمام ملکوں کے لئے واضح ہے لیکن اس کے باوجود اٹلی کی پارلیمنٹ نے اس دہشت گرد گروہ کے سرغنہ کے ساتھ نشست کا انعقاد کیا جس کی اسلامی جمہوریہ ایران مذمت کرتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کی پارلیمنٹ میں قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے رکن نے کہا کہ اٹلی کی پارلیمنٹ نے اپنی اس حرکت سے یہ ثابت کر دیا کہ انسانی حقوق کے تحفظ کے ان کے دعوے جھوٹ ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گرد گروہ ایم کے او البانیہ میں ہوئی اپنی ذلت کے داغ مٹانا چاہتا ہے اور اٹلی کے کچھ اراکین پارلیمنٹ کے ساتھ یہ نشست ایسے حالات میں ہوئي ہے کہ جب یہ گروہ بکھر چکا ہے اور اس طرح کی سیاسی حرکتوں سے پھر سے سرگرم ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔

          انہوں نے اٹلی کے کچھ اراکین پارلیمنٹ کی  اس حرکت کا ذکر کرتے ہوئے کہا: دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کی ان اراکین پارلمینٹ کی جانب سے حمایت، دہشت گردی کی ترویج اور ترغیب کی واضح مثال ہے اور پوری دنیا دہشت گردوں کو سزا دیئے جانے پر زور دیتی ہے لیکن اطالوی پارلیمنٹ نے اس کا خیال نہيں رکھا۔

          شہریار حیدری نے کہا کہ اٹلی کی پارلیمنٹ، دہشت گردی کی حمایت کرکے، اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعمیری تعلقات گنوا دے گي ۔

          واضح رہے بدنام زمانہ  دہشت گرد گروہ ایم کے او کے سرغنہ کے ساتھ  اٹلی کے کچھ اراکین پارلمینٹ کی پارلیمنٹ میں  نشست کے بعد ایران میں اٹلی کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا گيا ۔

          ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے @IRNA_Urdu

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .