ظریف کا دورہ پاکستان خطے کیلئے سنہری موقع

اسلام آباد، 23 مئی، ارنا - پاکستانی میڈیا نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ آج دورہ پاکستان پر پہنچیں گے جو علاقائی مسائل کے حل کے لئے دونوں ملکوں کے درمیان باہمی مشاورت کا ایک سنہری موقع ہے.

ایرانی دفترخارجہ کے ترجمان کے مطابق، «محمد جواد ظریف» اہم ایشیائی ملکوں کے دوروں کے اگلے مرحلے میں آج پاکستانی دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے.
ظریف اس دورے کے موقع پر اپنے پاکستانی ہم منصب کے علاوہ میزبان ملک کی اعلی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جہاں دوطرفہ تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور اہم عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا.
اس کے علاوہ ایرانی وزیر خارجہ صدر روحانی اور وزیراعظم پاکستان کے درمیان حالیہ ملاقات میں طے پانے والے فیصلوں پر عمل درآمد کا بھی جائزہ لیں گے.
صدر حسن روحانی کی قیادت میں ایران کی موجودہ حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ظریف وزیر خارجہ کی حیثیت سے اب تک پاکستان کا 9 مرتبہ دورہ کرچکے ہیں.
پاکستانی ذرائع ابلاغ نے ایرانی وزیر خارجہ کے دورے کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلام آباد خطے سے متعلق تہران کے ساتھ باہمی مشاورت کا خیرمقدم کرتا ہے.
پاکستان کے انگریزی اخبار نیشن نے ایک سنیئر حکومتی عہدیدار کے حوالے سے کہا ہے کہ پاکستان جہاں تک ہوسکے خطے میں کشیدگی کو کم کرنے میں مدد کرے گا کیونکہ ہم ایران سے بہترین تعلقات چاہتے ہیں.
اخبار کے مطابق، ظریف کا دورہ باہمی مشاورت کے لئے سنہری موقع ہے جس سے خطے کو مدد ملے گی اور اس کے ساتھ پاکستان بھی سفارتی چینل کا استعمال کرتے ہوئے تہران اور واشنگٹن سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کا مطالبہ کرے گا.
یاد رہے کہ پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کی حکومت کے قیام کے بعد محمد جواد ظریف کا یہ تیسرا دورہ ہے.
ظریف وہ پہلے غیرملکی رہنما تھے جنہوں نے موجودہ پاکستانی حکومت کی تشکیل کے بعد اسلام آباد کا دورہ کیا تھا.
9410٭274٭٭
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@