پاک ایران سرحدی صوبوں کے درمیان تعاون کی توسیع اہم قرار

اسلام آباد، 16 فروری، ارنا - پاکستان میں تعینات اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر نے دونوں ممالک کے سرحدی صوبوں کے درمیان تجارتی روابط کی توسیع کے لئے رکاوٹوں کے خاتمے پر زور دیا ہے.

یہ بات 'مہدی ہنردوست' نے پاکستانی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت 'کوئٹہ' کے ایک روزہ دورے کے موقع پر اسپیکر صوبائی اسمبلی 'میر عبدالقدوس بزنجو' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تجارتی اور معاشی شعبوں میں تعاون کی توسیع کےلئے اچھے مواقع ہیں لہذا انھیں بروئے کار لانے کے لئے سرحدی صوبوں کے درمیان بھی تعاون کو بڑھانا ہوگا.
ہنردوست نے کہا کہ پاکستانی سرحدی سے ملحقہ ایرانی صوبے سیستان و بلوچستان اور پاکستانی صوبے بلوچستان کے درمیان تجارت کو بڑھانے کے لئے اچھی صلاحیتیں ہیں تاہم اس مقصد کے لئے رکاوٹوں کا خاتمہ ناگزیر ہے.
فریقین نے اس ملاقات میں ٹرانسپورٹیشن، مسافر پروازوں کے آغاز اور ریلوے کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کا جائزہ لیا.
انہوں نے پاک ایران سرحدی تجارت کمیٹی کے فیصلوں پر عمل درآمد سے متعلق بھی بات چیت کی.
ایرانی سفیر نے بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر کو دورہ ایران کی دعوت دی جسے انھوں نے قبول کرلیا.
میر عبدالقدوس بزنجو نے پاک ایران تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو ایران کی صلاحیت اور وہاں موجود سنہری مواقع سے استفادہ کرنا ہوگا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@