انقلاب کی 40ویں سالگرہ، پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کی شاندار تقریب کا انعقاد

اسلام آباد، 12 فروری، ارنا - اسلامی انقلاب کی عظیم الشان کامیابی کی 40ویں سالگرہ اور ایران کے یوم آزادی کی مناسبت سے پاکستان میں ایرانی سفارتخانے کی جانب سے اسلام آباد میں خصوصی جشن کا انعقاد کیا گیا.

یہ خصوصی تقریب ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی جس میں پاکستان کی وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ 'فہمیدہ مرزا' مہمان خصوصی تھیں.
سفیر اسلامی جمہوریہ ایران 'مہدی ہنردوست' نے اس تقریب میں شریک اعلی پاکستانی حکام، مذہبی، سیاسی اور ثقافتی شخصیات سمیت اسلام آباد میں تعینات غیرملکی سفیروں اور سنئیر سفارتکاروں کا استقبال کیا.
اس تقریب میں ایرانی اسکول کے طلبا نے ایران اور پاکستان کے قومی ترانہ پڑھے اور اس کے ساتھ اسلامی انقلاب سے متعلق کچھ نغمے بھی پیش کئے.
اس کے علاوہ ایران سے آئے ہوئے فنکاروں نے روائتی موسیقی پیش کرکے تقریب کے لطف کو دوبالا کردیا.
تقریب کی خصوصی مہمان اور صدر و وزیراعظم پاکستان کی خصوصی نمائندہ فہمیدہ مرزا نے اسلامی انقلاب کی 40ویں سالگرہ کے موقع پر اسلامی جمہوریہ ایران کی قوم بالخصوص سپریم لیڈر، صدر، پارلیمنٹ اور پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر کو مبارکباد پیش کی.
ایرانی سفیر مہدی ہنردوست نے اس موقع پر اپنے خطاب میں ایران کے قومی دن کے موقع پر بانی انقلاب حضرت امام خمینی (رح)، سپریم لیڈر آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اور شہدائے انقلاب کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا ان شخصیات کی انتھک کوششوں سے شجر اسلام کی آبیاری اور ظالم حکمران کا خاتمہ ممکن ہوا.
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 40 سالوں کے دوران ایران نے سختیوں، پابندیوں اور عالمی طاقتوں کی جارحانہ پالیسیوں کے باوجود ترقی اور کامیابی کا سفر جاری رکھا اور آج ایران پوری دنیا میں ایک اہم سیاسی، ثقافتی اور سائنسی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے.
اس تقریب کی اہم بات یہ تھی کہ ایرانی سفیر نے انگریزی کے ساتھ اپنی تقریر اردو زبان میں پڑھی جس سے حاضرین نے سراہا. اس کاوش سے یہ بات ظاہر ہوتی کہ ایران اپنے برادر اور دوست ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو کتنی اہمیت دیتا ہے.
اس پروقار تقریب کے موقع پر اسلامی انقلاب سے متعلق تصویروں کی نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس کو شرکاء کی جانب سے بھرپور پذیرائی ملی.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@