روس کا ایران یورپ مالیاتی میکنزم کے اجرا کا خیرمقدم

ماسکو، 1 فروری، ارنا - روسی حکومت نے ایران کیلئے یورپ کے مخصوص مالیاتی میکنزم ''INSTEX'' کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ روس اس میکنزم کو کامیاب بنانے کے لئے تعاون کرے گا.

ویانا میں قائم عالمی اداروں میں تعینات روسی مندوب اور یورپی یونین میں روسی نمائندے نے ایران اور یورپ کے مالیاتی لین دین سے متعلق انسٹیکس میکنزم کے نفاذ کا خیرمقدم کیا ہے.
ویانا میں روسی مندوب ''میخائل ایوانووچ یولیانوف'' نے کہا ہے کہ ان کا ملک انسٹیکس میکنزم کو کامیاب بنانے کے لئے یورپی ممالک کے ساتھ فعال انداز میں تعاون کرے گا.
انہوں نے روسی خبر رساں ادارے ریانوستی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یورپ امریکہ کی غیرقانونے پابندیوں کے باوجود ایران میں اپنی کمپنیوں کے مفادات کا تحفظ کرنا چاہتا ہے.
روسی مندوب نے مزید کہا کہ انسٹیکس میکنزم کا اجرا ایران جوہری معاہدے کے مخالفین کے لئے ایک دوٹوک پیغام ہے کہ یورپ بالخصوص اس معاہدے کے تین یورپی شریک امریکہ کی جارحانہ پالیسیوں کے مقابلے میں ایران جوہری معاہدے کا دفاع کریں گے.
دریں اثناء یورپی یونین میں روسی نمائندہ ''ولادیمیر چزوف'' نے انسٹیکس میکنزم کے اجرا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ حالیہ مالیاتی نظام کے ذریعے ایران جوہری معاہدے و تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی.
انہوں نے مزید بتایا کہ آئندہ ماہ ایران جوہری معاہدے کے مشترکہ کمیشن کا اجلاس ہوگا جس میں یورپ کے مخصوص مالیاتی میکنزم کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا.
روسی نمائندے نے اس امید کا اظہار کیا کہ یورپ کے انسٹیکس میکنزم کی مدد سے جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کی وجہ سے ایران کے ساتھ تجارت میں پیدا ہونے والی مشکلات کا ازالہ کردیا جائے گا.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رومانیہ میں یورپی یونین کے وزارتی اجلاس کے بعد جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے لئے مخصوص مالیاتی نظام کے اجرا کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا.
رپورٹ کے مطابق، یورپ کے مخصوص مالیاتی چینل کا مرکزی دفتر پیرس میں ہوگا جسے INSTEX کا نام دیا گیا ہے اور یہ ''تجارتی تبادلے کے سازوسامان'' کا مخفف ہے.
تینوں یورپی ممالک انسٹیکس میکنزم کے حصہ دار ہوں گے اور نامور جرمن بینکر اس کی قیادت کریں گے.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@