مالیاتی میکنزم کا خیرمقدم، یورپ اپنے وعدوں پر فوری عملدرآمد کرے: ایران

تہران، 1 فروری، ارنا - اسلامی جمہوریہ ایران نے یورپ کیجانب سے مخصوص مالیاتی میکنزم کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ یورپی ممالک اپنے وعدوں پر مکمل طور پر عملدرآمد کریں.

ترجمان دفترخارجہ ''بہرام قاسمی'' نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ گزشتہ سال ایران اور جوہری معاہدے کے تین یورپی فریقین کے وزرائے خارجہ کے درمیان نشست میں یورپ نے اپنے وعدوں پر من و عن عمل کرنے کا اعلان کیا تھا.
انہوں نے بتایا کہ ہم یورپ کی جانب سے ایران کے لئے مالیاتی لین دین سے متعلق مخصوص میکنزم کے اعلان کو ان کے وعدوں پر عمل درآمد کے لئے پہلا قدم سمجھتے ہیں اور مطالبہ کرتے ہیں کہ یورپ کم سے کم مدت میں اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے.
قاسمی نے بتایا کہ ایران جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی کے بعد یورپ نے سیاسی طور پر جوہری معاہدے کی حمایت تو کی مگر مخصوص مالیاتی میکنزم کے اجرا میں کافی وقت لگا اور بدقسمتی سے ابھی تک ایران کو کوئی خاص معاشی فائدہ حاصل نہیں ہوا.
انہوں نے کہا کہ تین یورپی ممالک اور یورپی یونین اس بات کو یقینی بنائیں تا کہ حالیہ مالیاتی میکنزم کے ذریعے امریکہ کی غیرقانونی پابندیوں کے منفی اثرات کا ازالہ کیا جاسکے.
ترجمان دفترخارجہ نے مزید بتایا کہ اسلامی جمہوریہ ایران یورپی یونین اور اس کے رکن ممالک کے ساتھ تعمیری تعاون کا سلسلہ جاری رکھنے کے لئے آمادہ ہے تاہم یورپی یونین سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ فوری طور پر اپنے تمام وعدوں کو پورا کرے گی.
یہ بات قابل ذکر ہے کہ رومانیہ میں یورپی یونین کے وزارتی اجلاس کے بعد جرمنی، برطانیہ اور فرانس کے وزرائے خارجہ نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ایران کے لئے مخصوص مالیاتی نظام (INSTEX) کے اجرا کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@