عراقی وزیراعظم کا ایران کیساتھ تعلقات مزید بڑھانے پر زور

بغداد، 14 جنوری، ارنا - وزیراعظم عراق نے کہا ہے کہ ان کا ملک اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہش مند ہے.

یہ بات ''عادل عبدالمہدی'' نے عراقی دارالحکومت بغداد کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی وزیرخارجہ ''محمد جواد ظریف'' اور ان کے ہمراہ اعلی سطحی وفد کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پڑوسیوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا قیام عراق کی خارجہ پالیسی کا اہم حصہ ہے اور اس کے تحت ایران کے ساتھ مستقبل میں تعلقات میں مزید بہتری لانے کے لئے کوششیں کریں گے.
وزیراعظم عبدالمہدی نے عراقی صدر برھم صالح کے حالیہ دورہ ایران اور اعلی قیادت کے ساتھ ہونے والے تعمیری مذاکرات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید کہا کہ ان دوروں سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں مدد ملے گی.
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عراقی قوم اور حکومت اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ تعلقات کے فروغ کی خواہاں ہیں اور اس مقصد کے لئے ہمیں ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہوگا.
فریقین نے اس موقع پر ایران عراق تجارتی سرگرمیوں کی سہولت میں اضافے، تجارت کی توسیع اور عراق کو توانائی کی برآمدات پر بھی تبادلہ خیال کیا.
انہوں نے دونوں ممالک کے سرحدی علاقوں میں فری اکنامک زون کی تعمیر اور فیری سروس کے آغاز پر بھی زور دیا.
ایرانی وزیر خارجہ اور وزیراعظم عراق نے خطے کی تازہ ترین صورتحال، شام اور یمن کے بحران پر بھی تبادلہ خیال کیا.
محمد جواد ظریف نے عراق میں نئی سیاسی کامیابی اور حکومت کی تشکیل پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق میں سیاسی استحکام اور جمہوریت کی مضبوطی کی بھرپور حمایت کرتا ہے.
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران عراق کے ساتھ سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لئے آمادہ ہے.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@