ایران جلد دو نئے سیٹلائٹ خلا میں بھیجے گا: صدر روحانی

تہران، 10 جنوری، ارنا - صدر مملکت اسلامی جمہوریہ ایران نے کہا ہے کہ ایران جلد ملکی ساختہ لانچر کے ذریعے اپنے دو نئے سیٹلائٹس کو خلاء میں بھیجے گا.

یہ بات ڈاکٹر ''حسن روحانی'' نے جمعرات کے روز تہران میں سابق ایرانی صدر آیت اللہ ''ہاشمی رفسنجانی'' کی دوسری برسی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی.
اس موقع پر انہوں نے ملک کی دفاعی صنعت کی ترقی میں مرحوم آیت اللہ رفسنجانی کے اہم کردار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہاشمی رفسنجانی پہلے شخص تھے جن کے دور میں ایران میں میزائل بنایا گیا، میزائل کی تیار اور ڈیزائننگ کا کریڈٹ مرحوم رفسنجانی کو جاتا ہے.
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ آج ہمارے پاس ملکی دفاع کے لئے میزائل ہیں جن پر ہم فخر کرتے ہیں. آئندہ ہفتوں میں ایران ملکی ساختہ لانچر کے ذریعے دو نئے سیٹلائیٹ کو خلا میں بھیجے گا.
ڈاکٹر روحانی نے مزید کہا کہ مرحوم رفسنجانی ایران کی جوہری ٹیکنالوجی کے بانی تھے کیونکہ وہ پہلے شخص تھے جنہوں نے پہلی بار ایران میں سنٹری فیوجز لانے کا حکم دیا اور اس حوالے سے انہوں نے اعلی پاکستانی قیادت سے مذاکرات بھی کئے تھے.
انہوں نے کہا کہ مرحوم رفسنجانی نے اسلامی انقلاب میں مثالی خدمات سرانجام دیں، انہوں نے وطن عزیز پر مسلط کردہ جنگ پر قابو پانے اور دشمنوں کو پس پا کرنے میں ایسا کردار ادا کیا جسے ایران کی آئندہ نسلیں یاد رکھیں گی.
ایرانی صدر نے مزید کہا کہ آیت اللہ رفسنجانی نے بہتان اور الزامات کو برداشت کیا مگر انہوں نے انقلاب اور ملکی نظام سے اپنی وفاداری پر آنچ نہیں آنے دی.
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ یقینی طور پر ایرانی عوام اتحاد، صبر اور حوصلے کے ساتھ بالخصوص مرحوم رہنما آیت اللہ رفسنجانی کے افکار کی پیروی کرتے ہوئے ملک میں انقلاب کی حفاظت کریں گے.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@