ایرانی کمپنیوں کو پاکستان کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

پشاور، 9 جنوری، ارنا - پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبرپختونخوا کے ایوان صنعت و تجارت کے صدر نے ایرانی کمپنیوں کو صوبے کے ترقیاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے.

تفصیلات کے مطابق، سرحد چیمبر کے صدر ''فیض محمد'' نے پشاور میں تعینات ایرانی قونصل جنرل ''محمد باقر بیگی'' کے ساتھ ملاقات کی.
انہوں نے اس موقع پر ایرانی سرمایہ کاروں کو خیبر پختونخوا صوبے میں صنعت و تجارت کے شعبے سمیت ہائیڈل پاور جنریشن ،آئل اینڈ گیس ، جیمز اینڈ جیولری، ماربل، ادویات، ماچس، گھی اینڈ آئل، پیٹرو کیمیکل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے.
فریقین نے ایران اور پاکستان کے درمیان بینکنگ نظام کو فعال بنانے، تجارتی وفود کے تبادلے، ایگزیبیشن اور ٹریڈ فیئر کے انعقاد، دونوں ممالک کے درمیان رسمی و غیر رسمی باہمی تجارت کے فروغ اور تجارتی حجم بڑھانے کیلئے مشترکہ اقدامات اٹھانے پر اتفاق کیا.
سرحد چیمبر کے صدر نے ایران اور پاکستان کے مابین باہمی تجارت کے فروغ کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے مابین تجارتی حجم کو بڑھانے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے ہوں گے.
فریقین نے دو طرفہ تجارت کے فروغ اور بزنس کمیونٹی کو ریلیف دینے کے لئے بینکنگ سسٹم کو فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا.
انہوں نے مزید کہا کہ ایران اور پاکستان کے مابین بینکنگ چینلز کا قیام دونوں ممالک کی معیشت کے استحکام اور دونوں جانب کی بزنس کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے میں مددگار ثابت ہوگا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@