تعمیراتی شعبوں میں ایرانی تجربات سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں: پاکستان

پشاور، 5 جنوری، ارنا - پاکستان کے صوبائی وزیر مواصلات نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور تعمیرات بالخصوص سڑکوں سے متعلق اسلامی جمہوریہ ایران کے تجربات سے استفادہ کرنے کا خواہاں ہے.

یہ بات صوبہ خیبرپختونخواہ کے وزیر مواصلات اور تعمیرات ''اکبر ایوب خان'' نے صوبائی دارالحکومت پشاور میں تعینات ایران کے قونصل جنرل ''محمد باقر بیگی'' کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی.
انہوں نے کہا کہ ایران سڑکوں کی تعمیر اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں اچھا تجربہ رکھتا ہے لہذا ہم خیبرپختونخواہ صوبے اور ایران کے درمیان انجینئرنگ اور تکنیکی شعبوں میں مشترکہ تعاون کا قیام چاہتے ہیں.
انہوں نے ایران پاکستان تعلقات کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہم صوبائی محکمہ مواصلات کی ایک ماہرین ٹیم ایران بھیجنے کے لئے آمادہ ہیں جس کا مقصد ایران میں تعمیرات، پل اور سرنگوں کا مشاہدہ کرنا ہے.
اس ملاقات میں ایرانی قونصل جنرل نے دونوں ممالک کے باہمی تعاون کی راہ میں رکاوٹوں کے خاتمے پر امید کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایران تعمیرات اور انجینئرنگ کے شعبوں میں پاکستان کے ساتھ تعاون کے لئے آمادہ ہے.
محمد باقر بیگی نے خیبرپختونخوا صوبے کی ماہرین ٹیم کے آئندہ دورہ ایران کو حتمی شکل دینے پر آمادگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اقتصادی شعبے میں دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لئے ایک دوسرے کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنا ہوگا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@