ایران ہمارا قابل بھروسہ پارٹنر ہے: صدر جنوبی کوریا

بیجنگ، 26 دسمبر، ارنا - جنوبی کوریا کے صدر ''مون جائی ان'' نے تہران سیول تعلقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمارا اہم اور قابل بھروسہ شراکت دار ہے.

ان خیالات کا اظہار کورین صدر نے ایران کے نئے سفیر کے ساتھ ایک ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا.
سفیر اسلامی جمہوریہ ایران ''سعید بادامچی شبستری'' نے اس موقع پر صدر جنوبی کوریا کو اپنی اسناد تقرری پیش کیں.
کورین صدر نے کہا کہ تاریخ کے دشوارترین لمحات بالخصوص 70 کی دہائی اور ایران کے خلاف عراق کی جنگ کے دوران میں بھی ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان تعاون کا سلسلہ جاری رہا.
انہوں نے جزیرہ نما کوریائی خطے میں تنازعات کے حل کے لئے ایران کی جانب سے امن عمل کی حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ایران کوریا تعلقات میں موجود مسائل قریب مستقبل میں حل ہوں گے.
اس موقع پر صدر مون جائی ان نے اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسن روحانی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا.
نئے ایرانی سفیر نے ایران کوریا تاریخی تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور پارلیمانی شعبوں میں باہمی تعاون کو مزید فروغ دینا ہوگا.
انہوں نے کوریائی خطے میں تخفیف جوہری اسلحے سے متعلق کورین صدر کی کاوشوں کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اس ضمن میں جنوبی کوریا کی پالیسی کی حمایت کرتا ہے.
ایرانی سفیر نے جوہری معاہدے سے امریکہ کی غیرقانونی علیحدگی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے یکطرفہ اقدامات سے عالمی سطح پر پیدا ہونے والی مشکلات کے علاوہ ایران اور کوریا کا بینکاری اور مالی تعاون بھی متاثر ہوا ہے لیکن ہمیں امید ہے کہ کورین صدر کی کوششوں سے ان مشکلات پر جلد قابو پالیا جائے گا.
274**
ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@