امریکی پابندیوں سے خطے کی سلامتی داؤ پر لگ گئی ہے: صدر اردوان

انقرہ، 20 دسمبر، ارنا - ترک صدر ''رجب طیب اردوان'' نے کہا ہے کہ ایران مخالف امریکی پابندیوں نے خطے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا ہے.

ان خیالات کا اظہار ترک صدر نے جمعرات کے روز انقرہ میں اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر ''حسن روحانی'' کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا.

انہوں نے مزید کہا کہ عالمی جوہری توانائی ادارے کی متعدد رپورٹس کے مطابق ایران نے اب تک جوہری معاہدے سے متعلق اپنے تمام وعدوں پر عمل کیا ہے لہذا ترکی، جوہری معاہدے سے امریکی علیحدگی اور اس کے دوسرے ممالک پر دباؤ کو صحیح نہیں سمجھتا.

صدر اردوان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ امریکہ کی ظالمانہ پابندیوں کے پیش نظر ترکی ایرانی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے.

انہوں نے مزید کہا کہ امریکی پابندیوں سے خطے کے امن و استحکام کو شدید نقصان پہنچے گا اور ہم ایک بار پھر اعلان کرتے ہیں کہ ترکی، امریکی پابندیوں کا ساتھ نہیں دے گا.

رجب طیب اردوان نے کہا کہ علاقائی امن و سلامتی کے لئے ایران اور ترکی کے مشترکہ تعاون نہایت اہمیت کا حامل ہے اور اس حوالے سے مشترکہ کوششوں کا سلسلہ جاری رہے گا.

274**

ہمیں اس ٹوئٹر لینک پر فالو کیجئے. IrnaUrdu@